ایک نیوز :سابق وزیر اعظم عمران خان کی قانونی ٹیم نے توشہ خانہ فوجداری کارروائی کا کیس دوسری عدالت منتقل کرنے کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔
تفصیلات کےمطابق تحریک انصاف کی طرف سے دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ ایڈیشنل سیشن جج کا عمران خان کیخلاف رویہ متعصبانہ ہے، 10 مئی کی سماعت کے دوران عمران خان کے وکلاء نے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی عدالت نے سماعت ملتوی کرنے کے بجائے فرد جرم عائد کرنے پر اصرار کیا۔
درخواست میں مزید موقف اختیار کیا گیا کہ عدالت نے عمران خان پر فرد جرم عائد کی اور 13 مئی کو ٹرائل کے آغاز کیلئے گواہان کو طلب کرلیاایڈیشنل سیشن جج نے عمران خان کے وکلاء کے اعتراضات کو بھی ریکارڈ پر لانے سے انکار کیا۔ عدالت سے استدعا کی گئی کہ عدالت توشہ خانہ فوجداری کارروائی کا کیس کسی دوسری عدالت کو منتقل کرنے کے احکامات دے۔