الخدمت فاؤنڈیشن، رمضان  میں 17 لاکھ مستحق  خاندانوں میں راشن تقسیم

May 11, 2023 | 16:39 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز: الخدمت فاؤنڈیشن نے رمضان  المبارک میں 1 ارب 16 کروڑ  روپے کی مدد سے 17 لاکھ مستحق  خاندانوں میں فوڈ پیکجز، سحر و افطار اور صدقہ فطر پہنچانے کا اہتمام کیا۔
رپورٹ کے مطابق الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے سماجی خدمات پروگرام  بورڈ کا ششماہی اجلاس الخدمت کمپلیکس میں منعقد ہوا۔ جس میں مرکزی ذمہ داران سمیت ریجنل صدور اور ڈائریکٹرز  شریک ہوئے۔
 اجلاس کی صدارت الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدر ذکراللہ مجاہد نے کی جبکہ دیگر شرکاء میں الخدمت سماجی خدمات پروگرام کے نیشنل ڈائریکٹر عامر محمود چیمہ، ریجنل صدور، ریجنل ڈائریکٹرز شریک ہوئے۔

الخدمت فاؤنڈیشن کے نائب صدر ذکر اللہ مجاہد نے رواں سال رمضان المبارک کے دوران جاری سماجی خدمات کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اِس رمضان 9 لاکھ61 ہزار مستحق خاندانوں میں فوڈ پیکج تقسیم کئےگئے۔ 2 لاکھ 60 ہزار افراد کے لیے کمیونٹی افطار کا اہتمام کیا گیا جبکہ 4 لاکھ 70 ہزار مستحق افراد میں فطرانہ کی مد میں 7 کروڑ 83 لاکھ روپے تقسیم کئے گئے۔   الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت رمضان المبارک میں جاری رہنے والی خدمات سے 17 لاکھ سے زائد افراد مستفید ہوئے جبکہ اِن خدمات پر مجموعی طور پر 1 ارب 16 کروڑ روپے کے عطیات خرچ ہوئے۔

ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ گزشتہ چند سالوں  سے کورونا وبا،سیلاب اور بگڑتی ہوئی معاشی صورتحال کے باعث پاکستان میں سفید پوش طبقے کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے اور خوراک جیسی بنیادی ضرورت کا حصول ایک بڑا چیلنج  بن کر رہ گیا ہے۔ عالمی ادارہ خوراک کی جاری کردہ گلوبل رپورٹ کے مطابق پاکستان دنیا بھر میں غذائی قلت کے شکار دس ممالک میں پر آ چکا ہے اور پاکستان کا غذائی قلت کا شکار ممالک میں شمار ہونا کسی المیے سے کم نہیں ہے۔

یہ ایک زرعی ملک ہے یہاں غذائی اجناس وافر مقدار میں میسر ہیں لیکن حالیہ مہنگائی نے غریب  اور سفید پوش طبقے کی قوت خرید کو شدید متاثر کیا ہے۔ رمضان المبارک میں سفید پوش اور مستحق طبقے کے لیے فوڈ پیکجز اور سحر و افطار کا اہتمام الخدمت فاؤنڈیشن کی دیرینہ روایت ہے تاکہ رمضان میں روزے داروں کے لیے آسانیاں بانٹی جا سکیں۔ فوڈ پیکجز کی  تیاری کے لیے اجناس کی خریداری، پیکنگ اور تقسیم کے لیے ایک مربوط نظام موجود ہے۔ الخدمت کے ذمہ داران  اور دیگر والنٹیرز کے ساتھ کالجز یونیورسٹیز کے طلبہ و طالبات بھی اِس نظام میں شامل ہوتے ہیں اور الخدمت سروے کے بعد مستحق اور نادار افراد میں کوپن تقسیم کرتے ہیں تاکہ فوڈ پیکجز کی تقسیم میں کسی نا خوشگوار واقع سے بچا جا سکے۔

الخدمت فاؤنڈیشن کا یہ کام مستحق اور نادار افراد کے لیے ایک تحفہ ہے اور ہم اِس تحفہ کے اہتمام کرنے والے تمام مخیر حضرات اور والنٹیرز کا شکر گزار ہیں جن کے باعث لاکھوں افراد کی زندگیوں میں خوشیاں آ سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ الخدمت جامع منصوبہ بندی اور ٹیم ورک سے اپنے نظام میں مزید بہتری لانے کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں۔اجلاس میں ملک بھر میں سستی روٹی کی فراہمی کے لیے تندور لگانے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔

مزیدخبریں