ایک نیوز:صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے موجودہ ملکی صورتحال پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری اور زدوکوب کرنے سے پیدا ہونے والی ملک کی موجودہ صورتحال پر شدید پریشان ہوں،انسانی جانوں کا ضیاع دل دہلا دینے والا، باعث تشویش، افسوسناک اور انتہائی قابل مذمت ہے۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ احتجاج پاکستان کے ہر شہری کا آئینی حق ہے لیکن اسے ہمیشہ قانون کے دائرے میں رہنا چاہیے، کچھ شرپسندوں نے جس طرح سے سرکاری املاک بالخصوص سرکاری اور فوجی عمارتوں کو نقصان پہنچایا ہے وہ قابل مذمت ہے،ہمیں جبر اور گرفتاریوں کے بجائے دوبارہ سوچنا چاہیے اور سیاسی حل تلاش کرنا چاہیے۔
صدر مملکت نے مزید کہا کہ میں نے سیاسی اور عسکری قیادت کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا ہے اور امید کرتا ہوں کہ حالات بہتر ہوں گے،میں ملک کے تمام شہریوں سے پرامن رہنے کی پرزور اپیل کرتا ہوں۔