بھاشا، مہمند ڈیموں کے اشتہارات پر 13 ارب خرچ کرنے کے دعووں کی حقیقت کیا؟

May 11, 2023 | 11:54 AM

Hasan Moavia

ایک نیوز:سوشل میڈیا صارفین نے دعوی کیا ہے کہ میگا ڈیموں کے اشتہارات پر 13 ارب روپے خرچ ہو چکے ہیں جب کہ حقیقت میں اب تک 10 لاکھ روپے خرچ ہوئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر دعوی کیا جارہا ہے کہ پاکستان نےدیامر   بھاشا اور مہمند ڈیموں کی تعمیر کے لیے اب تک اکٹھا ہونے والے فنڈز سے زیادہ رقم ان کی تشہیر پر خرچ کی ہے جبکہ یہ دعویٰ بالکل غلط ہے۔

ایک ٹوئٹر صارف نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ”پاکستان نے ایک ڈیم کیلئے 9 ارب روپے اکٹھے کیے جبکہ اس کے اشتہارات پر 14 ارب روپے خرچ ہوئے۔“

ٹوئٹر صارف کی جانب سے ایک گرافک بھی شیئر کیا گیا جس میں لکھا ہے کہ ”جھوٹ کے 4 سال پی ٹی آئی کا میگا پراجیکٹ دیامر بھاشا ڈیم فنڈ۔ “ اس گرافک میں بھارتی اخبار’ فرسٹ پوسٹ‘ کی ایک خبر کا حوالہ بھی دیا گیا ہے۔

ایک اور ٹوئٹر صارف نے اسی طرح کے دعویٰ کے ساتھ یہی گرافک شیئر کیا۔جبکہ 18 اپریل کو ایک وکیل نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی جس میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ اب تک ڈیموں کے اشتہارات پر 13 ارب روپے خرچ ہو چکے ہیں۔

حقیقت
پاکستان کے مرکزی بینک کے ترجمان نے تمام دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم فنڈ کے لیے لوگوں سے چندہ اکٹھا کرنے کی اپیل کے لیے میڈیا اشتہارات پر 10 لاکھ روپے خرچ ہوئے ہیں۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے چیف ترجمان عابد قمر  کا کہنا ہے کہ ان الزامات میں ”کوئی سچائی نہیں“ کہ بھاری رقم خرچ کی گئی ہے۔عابد قمر نے کہا کہ ” چند اخباری اشتہارات پر 10 لاکھ روپے سے بھی کم خرچ کیا ہے اس سے زیادہ کچھ نہیں۔“

 عابد قمر نے مزیدمعلومات فراہم کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ”معذرت ، میں مزید تفصیلات نہیں بتا سکتا۔“

جنوری 2019  میں اس وقت کے ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے سپریم کورٹ کو بتایا کہ ٹیلی وژن چینلز  پر 13 ارب روپے کے ”مفت اشتہارات“ نشر کیے گئے ہیں۔ 10 جولائی2018 ء کو پاکستان کے فنانس ڈویژن نے سپریم کورٹ کے اس وقت کے چیف جسٹس ثاقب نثار کے حکم پر سپریم کورٹ آف پاکستان دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم فنڈ کے ٹائٹل سے ایک بینک اکاؤنٹ قائم کیا۔

یہ بینک اکاؤنٹ پاکستان میں دو بڑے ہائیڈرو الیکٹرک ڈیموں کی تعمیر کے لیے12.4 بلین ڈالر جمع کرنے کے لیے قائم کیا گیا تھا۔ان منصوبوں میں ذاتی طور پر دلچسپی لیتے ہوئے کراؤڈ فنڈنگ مہم کا آغاز  ثاقب نثار نے کیا تھا۔

دیامر   بھاشا اور مہمند ڈیم فنڈمشترکہ طور پر اسٹیٹ بینک اور نیشنل بینک آف پاکستان کے زیر انتظام ہے۔سپریم کورٹ آف پاکستان کی ویب سائٹ پر درج تفصیلات کے مطابق اب تک 16.9 بلین روپے سے زائد فنڈز جمع ہو چکے ہیں جبکہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی اپنی ویب سائٹ پر شائع ہونے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 52 ممالک کے لوگوں نے فنڈ میں حصہ ڈالا ہے۔

مزیدخبریں