ایک نیوز: نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سروسز ہسپتال اور سی ایم ایچ کا دورہ کیا۔ محسن نقوی نے سروسز ہسپتال میں سرجری کرانے والے ڈی آئی جی آپریشنز علی ناصر رضوی کی عیادت کی۔ اس کے علاوہ انہوں نے سی ایم ایچ میں زیرعلاج ڈی ایس پی بلال، کانسٹیبل شکیل اورسکیورٹی اہلکار فیصل کی بھی عیادت کی۔
بتایا گیا ہے کہ نگران وزیراعلیٰ نے سیاسی جماعت کے کارکنوں کے پتھراؤ سے زخمی ڈی آئی جی آپریشنز علی ناصر رضوی اور پولیس و سیکیورٹی اہلکاروں کی خیریت دریافت کی۔ انہوں نے ڈی آئی جی آپریشنز علی ناصر رضوی، ڈی ایس پی بلال، کانسٹیبل شکیل اورسیکیورٹی اہلکار فیصل کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔
نگران وزیراعلیٰ نے ڈی آئی جی آپریشنز علی ناصر رضوی کے والد اورڈی ایس پی بلال کی صاحبزادی کو حوصلہ دیا۔ محسن نقوی نے زخمی افسروں اورجوانوں کے بلند حوصلے کو سراہا۔
محسن نقوی نے اپنے بیان میں کہا کہ آپ نے تحمل اوربرداشت کا مظاہرہ کر کے فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کی۔ قوم کو آپ پر فخر ہے۔ آپ قوم کے ہیرو ہیں، جنہوں نے سیاسی جتھے کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔ قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے لئے آپ نے جذبے اورعزم سے فرائض سرانجام دیئے۔ جلاؤ، گھیراؤ اور پولیس فورس پر پتھراؤ کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔
انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سی سی پی او لاہور، کمشنر لاہورڈویژن،ڈپٹی کمشنر بھی اس موقع پر موجود تھیں۔
دوسری جانب ایم ایس سروسز ہسپتال ڈاکٹر اہتشام نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ڈی آئی جی آپریشن علی ناصر رضوی سروسز ہسپتال میں بدستور زیر علاج ہیں۔علی ناصر رضوی کی طبعیت میں بہتری آنے پر انکو وی وی آئی پی بلاک میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز کی حالت بہتر ہے.
ان کا مزید کہنا تھا کہ علی ناصر رضوی کو بہترین آئی اسپیشلسٹ چیک کر رہے ہیں. علی ناصر رضوی کی آنکھ میں آپریشن کے بعد بہتری آ رہی ہے.