ڈیجیٹل مردم شماری فیلڈ آپریشن 15 مئی تک مکمل کرنے کی ہدایت

May 11, 2023 | 10:33 AM

Hasan Moavia

ایک نیوز: صوبائی حکومتوں کو ڈیجیٹل مردم شماری کا فیلڈ آپریشن 15 مئی تک مکمل کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت مردم شماری کی مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کام سید امین الحق، چیف ادارہ شماریات ڈاکٹر نعیم الظفر، صوبائی چیف شماریات اور دیگر اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں مردم شماری کے فیلڈ آپریشن کی جاری مشق پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔صوبائی حکومتوں کو ساتویں ڈیجیٹل مردم شماری کے تحت جاری فیلڈ آپریشن کو 15 مئی تک مکمل کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔

یکم مئی کو حکومت نے ساتویں مردم اور خانہ شماری کے فیلڈ آپریشن کو 15 مئی 2023 تک بڑھا دیا تھا جس پر وزیر منصوبہ بندی نے ہدایت کی کہ اس کو 15 مئی تک ختم کریں تاکہ مردم شماری کی رپورٹ کو حتمی منظوری کے لیے مشترکہ مفادات کونسل میں پیش کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں جاری اس بڑی ڈیجیٹل مردم شماری پر کوئی تنازع نہیں ہونا چاہیے کیونکہ ملک پہلے ہی بدترین بحران کا شکار ہے اور پوری دنیا کی نظریں ڈیجیٹل مردم شماری پر ہیں۔

مزیدخبریں