پاکستان کےخلاف زمبابوے اے 163رنزپرآؤٹ

پاکستان کےخلاف زمبابوے اے 163رنزپرآؤٹ
کیپشن: Zimbabwe A 163 runs against Pakistan

ایک نیوز:زمبابوے اے کی ٹیم شاہینوں کے خلاف دوسرے چارروزہ میچ کے پہلے دن اپنی پہلی اننگزمیں 163رنز بناکرآؤٹ ہوگئی۔

تفصیلات کےمطابق پاکستانی ٹیم کےفاسٹ باؤلرمحمدعلی سب سےکامیاب رہے،انہوں نے 36 رنزدے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ عامر جمال نے 51 اورمہران ممتاز نے 36رنز دے کرتین تین کھلاڑی آؤٹ کیے۔
کھیل کےاختتام پرشاہینوں نےاپنی پہلی اننگز میں 115رنز بنائے تھے اور ایک کھلاڑی آؤٹ ہوا تھا۔پاکستانی ٹیم کےکپتان عمران بٹ چار چوکوں کی مدد سے 27رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔انہوں نے محمد حریرہ کے ساتھ پہلی وکٹ کی شراکت میں 63رنز کا اضافہ کیا۔ محمد حریرہ 60 رنز پر بیٹنگ کررہےہیں ۔ان کی اننگز میں 9 چوکے اور ایک چھکا شامل ہے۔ عمیر یوسف دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 19 رنز پر ان کے ساتھ کریز پرموجود ہیں۔
پاکستانی شاہینزمیزبان ٹیم کے اسکور سے اب صرف 48 رنز پیچھے ہیں اوراس کی 9 وکٹیں ابھی باقی ہیں۔پہلا چار روزہ میچ آٹھ وکٹوں سے جیتنے والی ٹیم کے تین کھلاڑیوں میرحمزہ، روحیل نذیر اور مبصرخان کی جگہ عامرجمال، حسیب اللہ اور قاسم اکرم کو اس میچ میں موقع دیا گیا ہے۔
شاہینوں کو ساتویں اوور میں پہلی کامیابی اسوقت ملی جب پہلے چارروزہ میچ کے سنچری میکر جوئے لارڈ گمبی صرف7 رنز بناکر محمد علی کی گیند پر عمیریوسف کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔مارومانی اور ڈیون مائرزنے دوسری وکٹ کی شراکت میں 110 رنزکا اضافہ کیا۔ ڈیون مائرز جنہوں نے پہلے میچ میں بھی نصف سنچری اسکور کی تھی اس مرتبہ 106 گیندوں پرنصف سنچری مکمل کرنے میں کامیاب ہوگئے ۔تاہم نصف سنچری مکمل کرنے کے فوراً بعد ہی مہران ممتاز کی گیند پربولڈ ہوگئے۔
مارومانی نے اپنی نصف سنچری 68 گیندوں پرمکمل کی جس میں آٹھ چوکے شامل تھے۔ وہ آٹھ چوکوں اورایک چھکے کی مدد سے 66رنز بناکرعامرجمال کی گیند پر وکٹ کیپرحسیب اللہ کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ا ن کے بعد آنے والے بیٹسمین پاکستانی باؤلرزکے سامنے اعتماد سے بیٹنگ نہ کرسکے اور پوری ٹیم 56اعشاریہ 4اوورز میں163 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
واضح رہےکہ پاکستانی شاہینز کے کپتان عمران بٹ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیاتھا۔