طیارے پر ٹرینوں جیسی برتھ متعارف 

طیارے پر ٹرینوں جیسی برتھ متعارف 
کیپشن: Introducing train-like berths on aircraft

ایک نیوز: ائیر نیوزی لینڈ کے طیاروں میں ٹرینوں کی طرز پر سلیپنگ پوڈ متعارف کرائے جائیں گے ۔
 اگر آپ کسی طیارے پر طویل سفر کرتے ہیں تو آرام کرنے کی سہولت دستیاب نہیں ہوتی بلکہ اپنی نشست پر ہی رہنا پڑتا ہے، بالخصوص اکانومی کلاس کے مسافروں کومگر بہت جلد یہ بدلنے والا ہے اور دنیا میں پہلی بار اکانومی کلاس کے مسافروں کے لیے کسی ٹرین کی طرح کے بستر دستیاب ہوں گے۔

ائیر نیوزی لینڈ نے اکانومی کلاس کے مسافروں کے آرام کے لیے خصوصی انتظام کا اعلان کیا ہے۔ ستمبر 2024 سے آک لینڈ سے امریکا جانے والی پروازوں میں مسافروں کو نیند کے لیے یہ کیبن دستیاب ہوں گے۔

ائیر نیوزی لینڈ نے ان بستروں کو اسکائی نیسٹ سلیپنگ پوڈ کا نام دیا ہے اور ان پر آرام کرنے کے لیے اضافی خرچہ کرنا ہوگا۔4 گھنٹے کی نیند کے لیے 250 سے 380 سے ڈالرز کے درمیان لیے جانے کا امکان ہے جبکہ ایک گھنٹے کے آرام کے لیے 100 ڈالرز (28 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) خرچ کرنا ہوں گے۔

مسافروں کی پرائیویسی کے لیے ہر بستر پر پردے لگائے جائیں گے جبکہ یو ایس بی چارجنگ کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔ہر بستر کے ساتھ تکیہ، چادر، کمبل، ائیر پلگ اور مطالعے کے لیے روشنی جیسی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

مسافر صرف ایک بار ہی انہیں بک کرا سکیں گے اور 4 گھنٹوں بعد کسی اور کے لیے جگہ چھوڑنی ہوگی۔فضائی کمپنی کا ماننا ہے کہ اسکائی نیسٹ سے اکانومی کلاس میں سفر کرنے والے مسافروں کے لیے پرواز کا تجربہ بدل جائے گا۔