رمضان المبارک،وفاقی کابینہ نے کیلوں،پیازکی برآمدپرپابندی لگادی 

Mar 11, 2024 | 21:41 PM

ایک نیوز:وفاقی کابینہ نے رمضان المبارک کے دوران  کیلوں اور پیاز کی درآمد پر15اپریل تک پابندی کی منظوری دیدی۔

وزیراعظم محمد شہبازشریف کی زیر صدارت نئی منتخب وفاقی کابینہ کا پہلا اجلاس آج وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔وزیراعظم نے نو منتخب کابینہ اراکین کو مبارکباد پیش کی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے شرکاء سے گفتگو میں نئی منتخب حکومت کا روڈ میپ واضح کیا۔ 

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ  ملک میں اشیائے خورونوش اور روز مرہ کی دیگر اشیاء کی قیمتوں کے کنٹرول کے لئے فی الفور ایک کمیٹی قائم کی جائے۔اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں غیر ضروری اضافے اور ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اس حوالے سے کسی قسم کی کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

وفاقی کابینہ نے وزارت تجارت کی سفارش پر کیلوں اور پیاز کی برآمد پر 15 اپریل 2024 تک پابندی عائد کرنے کی منظوری دے دی۔ یہ پابندی رمضان المبارک کے ہینے کے دوران کیلوں اور پیاز کی مارکیٹ میں وافر دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے عائد کی گئی ہے۔

وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کی سفارش پر نیدرلینڈز کے شہری محمد اورنگزیب کی پاکستانی شہریت دوبارہ حاصل کرنے کی درخواست منظور کرنے کی اجازت دے دی۔

وفاقی کابینہ نے وزارت انسداد منشیات کی سفارش پر میجر جنرل عبدالمعید ہلال امتیاز ملٹری کی بطور ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹکس فورس تعیناتی کی منظوری دے دی۔

مزیدخبریں