پی ٹی آئی کا 15مارچ کو اسلاموفوبیاڈے منانےکافیصلہ

Mar 11, 2024 | 19:07 PM

ایک نیوز:پی ٹی آئی کور کمیٹی  نےبانی پی ٹی آئی کی کاوشوں کے نتیجے میں 15 مارچ کو اسلاموفوبیا ڈے منانے کا فیصلہ  کیا۔

پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق انتخابی نتائج میں غیر قانونی ردوبدل کے خلاف پُرامن احتجاج میں شریک قائدین و کارکنان کی گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ پولیس کی جانب سے تحریک انصاف کے سینئر رہنماو سینئر وکلا لطیف کھوسہ اور سلمان اکرم راجہ کو پُرامن احتجاج کا آئینی حق استعمال کرنے پر گرفتار کیاگیا۔ عوام کا مینڈیٹ چھین کر ملک پر زبردستی قابض ہونے والے غیر آئینی حکمران اپنا جعلی اقتدار بچانے کیلئے لاقانونیت ، نا انصافی اور ظلم و جبر کی بدترین مثال قائم کر رہے ہیں۔

اعلامیہ کے مطابق  شکست خوردہ عناصر کی انا کی تسکین کیلئے ان کے غیر آئینی احکامات پر عمل درآمد کرنے والے افسران کا ذکر تاریخ میں سیاہ حروف میں کیا جائے گا۔ نومنتخب ایم پی اے حافظ فرحت عباس کا جھوٹے مقدمے میں جسمانی ریمانڈ منظور کرنے کی بھی شدید مذمت کرتے ہیں۔پرامن احتجاج کی پاداش میں دہشت گردی کے جھوٹے مقدمے میں نامزد کرنا قابلِ مذمت اور شرمناک ہے۔

کورکمیٹی کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان نے دین اسلام کی خاطر اقوام متحدہ میں اٹھائے گئے اقدامات کے نتیجے میں 15 مارچ کو عالمی سطح پر اسلاموفوبیا ڈے کا درجہ دیا گیا ۔

کور کمیٹی کی جانب سے 23 مارچ کو یومِ پاکستان بھی بھرپور جوش و جذبے کیساتھ منانے کا اعلان کیاگیا۔

مزیدخبریں