رمضان میں دنیا میں قیمتیں کم ، پاکستان میں بڑھ جاتی ہیں ،کریک ڈاؤن کریں گے ،وزیراعلیٰ

رمضان میں دنیا میں قیمتیں کم ، پاکستان میں بڑھ جاتی ہیں ،کریک ڈاؤن کریں گے ،وزیراعلیٰ
کیپشن: رمضان میں دنیا میں قیمتیں کم ، پاکستان میں بڑھ جاتی ہیں ،کریک ڈاؤن کریں گے ،وزیراعلیٰ

ایک نیوز :وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ پوری دنیا میں رمضان المبارک میں قیمتیں کم ہوتی ہیں بدقسمتی سے ہمارے ہاں یہ قیمتیں بڑھ جاتی ہیں ،اس کیلئے ہم کریک ڈاون کر رہے ہیں کسی سے کوئی رعایت نہیں ملے گی ۔

تفصیلات سول سیکرٹریٹ میں صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ مہنگائی کو قابو کرنے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں ،گورننس کے شدید مسائل ہیں اس کو حل کرنے میں وقت لگے گا ۔اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم صرف وہی اخراجات کریں گے جو مناسب ہوں گے ،اضافی اخراجات بند کریں گے ،پنجاب کی عوام کا جو بنیادی حق ہے وہ  انہیں دیں گے ۔

جب ان سے سوال کیا گیا کہ آپ کی حکومت میں اپوزیشن پر تشدد کیا گیا حالاں کہ آپ نے پہلی تقریر میں ہی کہا تھا کہ میں حکومت کیساتھ ساتھ اپوزیشن کی وزیراعلیٰ بھی ہوں ۔ اس کے جواب میں مریم نواز نے کہا کہ اگر سیاست اور جمہوریت کی  آڑ ملک میں عدم استحکام لائیں گے تو کوئی رعایت نہیں ہو گی۔ 

ایک خاتون کی ویڈیو دیکھی جس نے پولیس کی وین پر حملہ کیا اور لوگوں کو چھڑوا کر لے گئی ،یہ کونسے سے ملک میں ہوتا ہے کہ حملہ کرکے لوگوں کو چھڑوالیں۔اگر آپ یہ سمجھتے ہیں کہ اپنا جمہوری حق ملک میں انتشار پھیلانے کے لئے استعمال کریں گے تو ایسا بالکل نہیں ہونے دوں گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ سیاسی انتقام میں نہیں آتا اگر آپ سڑکوں پر نکلیں گے تو زمہ دار شہری بننا پڑے گا ،اگر عوام یا سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کا اندیشہ ہو گا تو قانون حرکت میں آئے گا۔