ایک نیوز: کراچی والے محافظوں کے ہاتھوں ہی لوٹنے لگے۔اندرون سندھ کے پولیس اہلکار کراچی میں ٹرک چھیننے کی واردات میں ملوث نکلے۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ملیر حسن سردار کاکہناتھاکہ 10 مارچ کوٹرک ڈرائیور رفت اللہ حیدر آباد میں پیاز آف لوڈ کر کے واپس آرہا تھاکہ راستے میں گاڑی گرم ہونے پرڈرائیور کلینر کے ہمراہ پانی ڈال رہا تھا۔ جھاڑیوں میں سے پانچ مسلح ملزمان نکل آئےجو پولیس افسراوراہلکارتھےجنہوں نے ڈرائیور اور کلینر کے ہاتھ پاؤں باندھ کر جھاڑیوں میں پھینک دیا ۔
ایس ایس پی ملیر حسن سردار کامزیدکہناتھاکہ پولیس افسر اور اہلکاروں نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر ٹرک چھینا۔ گرفتارملزمان کا تعلق نواب شاہ اور سی آئی اے نوشہرو فیروز سے ہے۔ ملزمان میں پولیس افسر ممتاز،اہلکار صدام اور نقیب شامل ہیں۔
ایس ایس پی ملیر حسن سردار کاکہناتھاکہ واقعے کا مقدمہ ملیر کے گڈاپ سٹی تھانے میں درج کر لیا گیاہے۔پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کر کے ٹرک برآمد کر لیاہے۔
واضح رہے کہ گرفتار افسر اور اہلکاروں کو سہون شریف میں لال شہباز قلندر کے عرس پر تعینات کیا گیا تھا۔