ایک نیوز: وزیراعظم شہباز شریف نے ایک اہم بیان میں عمران خان کو بزدل قرار دیدیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کا اہم بیان سامنے آگیا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ عمران خان اپنے ہی آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی ناکام بنانے کی کوشش کررہا ہے۔ سڑکوں پر افراتفری اور فتنہ وفساد اسی ایجنڈے کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان چاہتا ہے کہ ملک میں عدم استحکام کی آگ بھڑکے۔ یہ نہیں چاہتا کہ غریب عوام کو مہنگائی، معاشی دباﺅ سے نجات ملے۔ پاکستان کے لئے وسائل کی راہ ہموار ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کا عدالتوں سے بھاگنا بزدلی کی انتہاءہے۔ بزدل شخص عدالت کو تلاشی نہیں دیتا کیونکہ مجرم ہے۔ پہلے آئی ایم ایف پروگرام سے بھاگ گئے، اب عدالتوں سے بھاگ رہے ہیں۔ پہلے اپنے وعدوں اور نظریات سے بھاگ گئے، اب عدالتوں سے بھاگ رہے ہیں۔
نواز شریف اور مسلم لیگ ن کی قیادت نے نیب نیازی گٹھ جوڑ کے بدترین انتقام کا سامنا کیا ہے۔ ہم اپنے بیٹوں، بیٹیوں اور بہنوں سمیت جھوٹے مقدمات میں عدالتوں اور قانون کے آگے پیش ہوئے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما سزائے موت کی چکیوں میں رہے، ہیروئن جیسے جھوٹے مقدمات کا سامنا کیا۔