ایک نیوز :بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ نے سرکاری خواتین ملازمین کیلئے سات اضافی چھٹیوں کا اعلان کردیا ۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی شیوراج سنگھ نے اپنے بیان میں کہا کہ آج خواتین ہر میدان میں کندھے سے کندھا ملا کر کام کر رہی ہیں۔خواتین پر بچے کی ولادت اور پرورش کے ساتھ گھر کی ذمہ داری بھی ہوتی ہے۔ لہذا ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم تمام خواتین ملازمین کو سات دن کی اضافی چھٹی (سی ایل) فراہم کرینگے۔
وزیر اعلی شیوراج سنگھ کے اقدام کو سرکار اور بی جے پی کے لیڈر جہاں خواتین کی فلاح سے جوڑ کر دیکھ رہے ہیں وہیں اپوزیشن نے اسے سیاسی اسٹنٹ سے تعبیر کرتے ہوئے حکومت سے صوبہ میں خواتین کے تحفظ کا مطالبہ کیا ہے
وزیر اعلی شیوراج سنگھ نے مزید کہا کہ ماؤں،بہنوں اور بیٹیوں کی ترقی میری زندگی کا مقصد ہے اور میرا ماننا ہے کہ ریاست اور ملک کی ترقی خواتین کو با اختیار بنانے میں مضمر ہے۔
اس موقع پر وزیر اعلی نے ریاست کے ٹیکنکل تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم لڑکیوں کو روزگار فراہم کرنے کے مقصد سے خصوصی تربیت دینے اور روز گار میلوں کے انعقاد کرنے ،نیز طالبات کو ڈیجیٹل اور مالیاتی خواندگی ،انگلش ،کمیونکیشن، اور ورک ریڈئنس میں ساتھ سے اسی گھنٹے کی تربیت دینے کا بھی اعلان کیا۔وزیر اعلی نے لڑکیوں کو ہنرمندی کی تربیت دینے ،ہینڈ لوم،کڑھائی ،بنائی اور روایتی لوک فنون کی بھی تربیت دینے کا اعلان کیا۔
مدھیہ پردیش میں خواتین ملازمین کو سات دن کی اضافی چھٹی
Mar 11, 2023 | 04:27 AM