سگریٹ نوشی چھوڑنے کا آسان نسخہ 

سگریٹ نوشی چھوڑنے کا آسان نسخہ 
کیپشن: سگریٹ نوشی چھوڑنے کا آسان نسخہ 

ایک نیوز :سگریٹ نوشی ایک بد ترین لت ہے جس کے مجموعی صحت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ آپ جتنی زیادہ سگریٹ نوشی کریں گے، اتنا ہی آپ کے مسائل میں اضافہ ہو گا۔
تمباکونوشی صرف جسمانی صحت ہی نہیں بلکہ ذہنی صحت کیلئے بھی اتنی ہی نقصان دہ ہے ،تمباکو نوشی کرنیوالےافراد میں نفسیاتی بیماریاں ہونے کےزیادہ امکانات ہیں جن میں سے بے چینی اور ڈپریشن، خودکشی کے خیالات، اقدام خودکشی، الکحل (شراب نوشی) اور منشیات کا زیادہ استعمال وغیرہ شامل ہیں۔
ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے مطابق دنیا بھر میں سالانہ ساٹھ لاکھ افراد تمباکو نوشی سے ہونے والی بیماریوں میں مبتلا ہوکر مرجاتے ہیں۔ جن میں سے چھ لاکھ سے زیادہ افراد خود تمباکو نوشی نہیں کرتے بلکہ تمباکو نوشی کے ماحول میں موجود ہونے کے سبب اس کے دھوئیں کا شکار ہوجاتے ہیں۔
 تمباکو نوشی سے دل کے امراض اور پھیپھڑوں کے سرطان جیسی خطرناک بیماریاں ہوتی ہیں اور تمباکو نوشی کرنے والا اپنی اوسط عمر سے پندرہ سال پہلے دنیا سے گزر جاتاہے۔
 یہ تصور عام ہے کہ سگریٹ چھوڑنا دنیا کےمشکل ترین کاموں میں سے ایک ہے ،اس کی تصدیق یہ کہتے ہوئے سائنسدانوں نے بھی کر دی ہے کہ 90 فیصد تمباکو نوش اس کو چھوڑنے کی کوشش کرتے ہیں مگر کامیاب نہیں ہو پاتے۔لیکن کیاآپ معلوم ہے کہ یہ طبی سے زیادہ نفسیاتی مسئلہ قوی امکان ہے کہ اگر مضبوط اعصاب کے حامل انسان ہیں تو سگریٹ چھوڑنا آپ کیلئے کوئی مسئلہ نہیں بننے والا ۔
الرجل میگزین کی رپورٹ میں ایک بار پھر انتباہ کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ سب جانتے ہیں کہ سگریٹ نوشی جان لے سکتی ہے لیکن پھر بھی لاکھوں لوگ اس کے کش لگاتے ہیں۔
تاہم ساتھ ہی کچھ ایسے طریقے بھی بتائے گئے ہیں کہ جن کی مدد سے اسے خدا حافظ کہا جا سکتا ہے۔
مالی معاملات
اس میں کوئی شک نہیں کہ سگریٹ نوشی صحت ہی نہیں مالی طور پر بھی نقصان کا باعث بنتی ہے جبکہ آج کل تو سگریٹ ویسے بھی ماضی کے مقابلے میں کئی گنا مہنگے ہو گئے ہیں اس لیے مالی نقصان کے نکتے کو ذہن میں رکھا جائے تو سگریٹ کی خریداری کی طرف بڑھتے قدم کسی حد تک روکے جا سکتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق مالی نقصان کا خیال ذہن میں راسخ رکھا جائے تو تمباکو نوشی چھوڑنے میں مدد ملتی ہے
نیو انگلینڈ جرنل آف میڈیشن کی تحقیق کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ ایک سال کے دوران ان لوگوں کی بڑی تعداد تمباکو نوشی چھوڑنے میں کامیاب ہوئی جن کو تمباکو نوشی چھوڑنے کے لیے مالی ترغیب حاصل تھی۔
اچانک مکمل بندش
ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسا صرف وہی لوگ کر سکتے ہیں جو اپنی زندگی میں بہت زیادہ نظم و ضبط کے پابند ہیں جبکہ زیادہ تر لوگ اس کے پابند نہیں ہوتے۔ تحقیق سے ظاہر ہے کہ صرف سات فیصد افراد کو بغیر کسی اضافی مدد کے سگریٹ چھوڑ سکتے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی یکدم چھوڑنا چاہے تو اس کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنے آپ کو پہلے اس کے لیے ذہنی طور پر تیار کرے کہ اس پر قائم رہنا ہے اس لیے پکا ارادہ بہت اہمیت کا حامل ہے۔
کچھ متبادل راستے
ماہرین یہ بھی تجویز کرتے ہیں کہ جب طلب شروع ہو تو دھیان بٹانے کے لیے کچھ ایسا کیا جائے کہ طلب تھم جائے، اس کے لیے پانی پینا یا پھر کسی دوسری چیز کی طرف متوجہ ہو جانا بھی مفید ہے جبکہ سیر کے لیے نکل جانا بھی فائدہ مند ہو سکتا ہے۔ اسی طرح گہری اور آہستہ آہستہ سانس لینے سے بھی طلب کم ہو سکتی ہے۔
ساتھی یا خاندان والوں کی مدد
یہ بھی بتایا گیا ہے کہ سگریٹ چھوڑنے میں آپ کے اردگرد موجود لوگ جیسے رشتہ دار خصوصاً قریبی ساتھی سب سے زیادہ مدد دے سکتا یا سکتی ہے۔تحقیق سے ثابت ہے ہے کہ ایسا کرنے والے 50 فیصد سے زائد افراد کامیاب رہے ہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ شریک حیات کے تمباکو نوشی چھوڑنے سے پارٹنر کو بھی ایسا کرنے میں آسانی ہوتی ہے۔
نیکوٹین متبادل تھراپی
اس کے لیے کئی چیزیں دستیاب ہیں جیسے انہیلر، چیونگ گم، نیکوٹین پیچ اور کچھ دوسری اشیا دستیاب ہیں جو تمباکو نوشی چھوڑنے میں مدد دے سکتی ہیں جبکہ جو لوگ اینٹی ڈپریسنٹ ریپلیسمنٹ تھراپی استعمال کرتے ہیں ان کے کامیاب ہونے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔
حوصلہ افزائی کرنے والے عوامل سے پرہیز
سگریٹ نوشی سے جڑی کوئی بھی چیز دھیان اس جانب لے جا سکتی ہے جیسے سگریٹ، ایشس ٹرے، لائٹر وغیرہ، اس لیے ان سے پیچھا چھڑانا ضروری ہے اور ایسے دوستوں یا محفلوں سے دور رہنا بھی بہتر ہے جہاں سگریٹ نوشی ہوتی ہو۔ پوری طرح گھر اور گاڑی کو ان تمام چیزوں سے صاف کریں جو سگریٹ کی طلب کا باعث بن سکتے ہیں۔
صحت مند رویہ
آپ کو ایک نئے صحت مند رویے کی عادت ڈالنا ہو گی اس لیے ہاتھوں اور منہ کو سگریٹ کے بجائے کسی اور چیز سے مشغول رکھنا چاہیے جیسے گاجر، کھیرا، چیونگ گم وغیرہ۔ اسی طرح پانی پینے سے بھی کچھ وقت کے لیے سگریٹ کی طلب کم ہو جاتی ہے۔
ماہرین تجویز کرتے ہیں کہ باقاعدگی سے دانت برش کریں، ورزش کریں اور اپنے اندر ایک صحت مند احساس پیدا کریں تو سگریٹ چھوڑنے میں آسانی ہو گی۔
وجوہات
ماہرین کے نزدیک جن وجوہات کی بنا پر کسی شخص نے سگریٹ پینا شروع کیا ان کا پتہ لگایا جائے اور علاج کیا جائے جیسا کہ کچھ لوگ افسردگی یا تنہائی کی وجہ سے تمباکو نوشی کی طرف جاتے ہیں جبکہ کچھ کسی ایسی شخصیت کی وجہ سے جاتے ہیں جس کو وہ پسند کرتے ہیں اور وہ سگریٹ پیتی ہو۔