ایک نیوز :خیبرپختونخوا میں رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کیلئے محکمہ اوقاف نے پرتکلف عشائیے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تو سوشل میڈیا صارفین نے محکمہ اوقاف کو خوب آڑے ہاتھوں لے لیا جس پرمحکمہ اوقاف کواپنا نوٹیفکیشن واپس لینا پڑ گیا ۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا میں رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں پرتکلف کھانوں کا مینیو سوشل میڈیا پر خوب زیر بحث رہا۔محکمہ اوقاف کی جانب سے22 مارچ کو بلائے جانے والے اجلاس میں 100 وی آئی پی اور 100 عام افراد کیلئے پرتکلف کھانوں کا آرڈر دیا گیا تھا، جن میں دم پخت، مکس سبزیاں، چکن تکہ بوٹی، نان، سیخ کباب، رشین سلاد، تازہ سلاد، حلوہ، منرل واٹر اور کولڈ ڈرنکس شامل تھیں ۔صرف یہی نہیں استقبالیہ کے لیے بلیک ٹی، پیسٹری، پیٹیز، سینڈوچ اور بسکٹ بھی منگوائے جانے تھے۔تاہم سوشل میڈیا کی طرف سے کڑی تنقید کےبعد محکمہ اوقاف کویہ آرڈر واپس لینا پڑگیا۔
خیبرپختونخوا کےصوبائی وزیر کی جانب سے حکم دیا گیا ہے کہ صوبائی وزارت قومی خزانے کو مد نظر رکھتے ہوئے اخراجات کا تخمینہ لگائے ۔دوسری جانب ٹویٹر پراس حوالے سے خوب تبصرے کیے جا رہے ہیں،صحافی عمر قریشی نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ واہ واہ، کیا بات ہے خیبرپختونخوا کی رویت ہلال کمیٹی کی۔
ٹویٹر صارف فرقان صدیقی نے سوشل میڈیا کی طاقت کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ یہ ہے سوشل میڈیا کی طاقت۔ خیبرپختونخوا کی حکومت نے رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں پرتکلف عشائیے کا ٹینڈر واپس لے لیا ہے۔
ایک اور صارف نے لکھا کہ دم پخت ، چکن تکہ،بیف چاول، سیخ کباب اور حلوہ۔۔یہ کوئی شادی کا مینیو نہیں بلکہ رویت ہلال کمیٹی کا مینیو ہے،عثمان علی نامی صارف نے کہا دیوالیہ ملک کی رویت ہلال کمیٹی کی میٹنگ ، اگر یہ سچ ہے تو سوچنے کی بات ہے۔
عائشہ نامی ٹویٹر صارف نے لکھا کہ ایک دیوالیہ ملک کی رویت ہلال کمیٹی کے کھانے کا ٹینڈر۔ ذرا مینیو چیک کریں ۔ دم پخت ۔ چکن تکہ ۔ سیخ کباب اور بہت کچھ۔