مشہور امریکی اسٹار کیمرون ڈیاز نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں انکشاف کیا کہ انہوں نے اپنا چہرہ کبھی نہیں دھویا اور نا ہی وہ اپنی خوبصورتی کے بارے میں بات کرنا پسند کرتی ہیں۔
2015 میں شادی کے بعد فلمی دنیا کو خیر باد کہنے والی کیمرون ڈیاز نے کہا کہ ہالی وڈ ایک لالچ کا جال ہے اور شادی کے بعد سے میں اس جال سے بچ گئی ہوں۔
اداکارہ نے کہا کہ میں نے کبھی منہ نہیں دھویا، خاص طورپر ہالی وڈ چھوڑنے کے بعد سے کبھی اپنا منہ نہیں دھوتی۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ میرے پاس چہرے کی خوبصورتی بڑھانے اور دیکھ بھال کی متعدد مصنوعات موجود ہیں جن کی مالیت ایک ارب سے زیادہ ہے لیکن پھر بھی میں انہیں شاید ہی ایک ماہ میں دو بار استعمال کرتی ہوں گی۔
کیمرون نے گفتگو کے دوران کہا کہ یہ سب وقتی طور پر نہیں ہوا یا یہ ایسی سوچ نہیں جو مجھے راتوں رات آئی ہو، میں بھی ان تمام معاشرتی اعتراضات اور استحصال کا شکار ہوئی ہوں جن کا خواتین کو نشانہ بنایا جاتا ہے، جس کے بعد میں نے یہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
49 سالہ اداکارہ نے بتایا کہ میری توجہ کبھی بھی اپنی شکل پر نہیں گئی، خود سے متعلق جو چیز میں سب سے آخر میں سوچتی ہوں وہ یہ کہ میں کیسی دکھائی دے رہی ہوں، میری کوشش ہوتی ہے کہ خود کو مضبوط رکھنے پر کام کروں۔
واضح رہے کہ اداکارہ کی جانب سے یہ دعویٰ اس وقت سامنے آیا جب انہوں نے کہا تھا کہ وہ ہالی وڈ کی فلموں میں کام کرنے کے عوض 100 ملین ڈالر کی پیشکش کو ٹھکراچکی ہیں۔