وفاقی کابینہ اجلاس کا اعلامیہ جاری 

Jun 11, 2024 | 17:57 PM

ایک نیوز:وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت ہونےوالے وفاقی کابینہ کااعلامیہ جاری کردیاگیا۔
اعلامیہ میں کہاگیاکہ اجلاس کے آغاز پر وزیراعظم نے کابینہ کو اپنے حالیہ دورہ چین کے بارے میں اعتماد میں لیا۔
وزیراعظم کاکہناتھاکہ دورے کے دوران سی پیک کے دوسرے مرحلے پر مثبت گفتگو ہوئی،پاک،چین تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے جلد جانب ایک اعلیٰ سطحی چینی حکام کا وفد پاکستان کا دورہ کرے گا، شینزین میں پاکستان،چین بزنس فورم میں پاکستانی اور چینی کاروباری و سرمایہ کاروں کے درمیان ہزار سے زائد B2B ملاقاتیں ہوئیں، چین کی زرعی شعبے میں جدت اور ترقی سے بھرپور استفاد ہ کے لیے حکومت پاکستان ایک ہزار نوجوانوں کو اس شعبے میں پیشہ وارانہ تربیت کے لیے چین بھیجے گی، معروف چینی کمپنی ہواوے ہر سال 2 لاکھ پاکستانی نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مختلف شعبوں میں فنی اور پیشہ وارانہ تربیت فراہم کرے گی۔
اعلامیہ میں کہاگیاکہ وزیراعظم نے کابینہ کو اپنی چین کی اعلیٰ قیادت بشمول چینی صدر شی جنگ پنگ اور پریمیئر لی چیانگ سے ملاقاتوں اور اُن میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات، اقتصادی اور اسٹرٹیجک شراکت داری پر مثبت پیش رفت پر بھی آگاہ کیا۔ وفاقی کابینہ نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی سفارش پر نیشنل سکول فار پبلک پالیسی(NSPP) کے بورڈ آف گورنرز میں نجی اور تعلیمی شعبےسے ممبران کی تعیناتی کی منظوری دے دی۔ وفاقی کابینہ نے وزارتِ انسانی حقوق کی سفارش پر اسلام آباد کے لیے نیشنل کمیشن فار ہیومین رائیٹس(NCHR) کے رکن کی تعیناتی کا عمل شروع کرنے اور اس کو پایا تکمیل تک پہنچانے کے لیے کابینہ کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دے دی۔
اعلامیہ میں کہاگیاکہ وفاقی کابینہ نے وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی سفارش پر ڈیجیٹل نیشن پاکستان ایکٹ 2024 کی اصولی منظوری دیتے ہوئے اس پر وزارتِ قانون و انصاف کو ضروری نظر ثانی کرنے کی ہدایت کی۔ ایکٹ کے تحت نیشنل ڈیجیٹل کمیشن (NDC) اور پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی (PDA) کی تشکیل دی جائیں گی۔ ایکٹ کے تحت پاکستان کی معیشت کی ڈیجیٹائزیشن اور پیپر لیس گورننس کے ہدف کو حاصل کیا جاسکے گا۔ بل کے تحت نیشنل ڈیجیٹل کمیشن پالیسی ساز ادارہ ہوگا جو وفاقی اور صوبائی ممبران پر مشتمل ہوگا اور اس کی سربراہی وزیراعظم خود کریں گے۔ ڈیجیٹل پاکستان کے مقاصد کے حصول کے لیے پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی قائم کی جائے گی ،جو ایک کارپوریٹ ادارہ ہوگا اورجس کے پاس مالی اور انتظامی اختیارات ہوں گے۔ 

اعلامیہ میں مزیدکہاگیاکہ ایکٹ کا مقصد پاکستان کی معیشت، گورننس اور سروسز سیکٹر کو بین الاقوامی سطح پر رائج جدید ڈیجیٹل نظام سے ہم آہنگ کرنا ہے۔ وفاقی کابینہ نے وزارتِ قانون و انصاف کی سفارش پر ثالثی قانون (The Arbitration Bill 2024) کے مسودے پر ضروری قانون سازی کی اصولی منظوری دی۔ کابینہ نے اس حوالے سے آئین کی شق 144 کے تحت صوبوں کے ساتھ مشاورت کی بھی منظوری دی۔ وفاقی کابینہ نے وزارتِ قانون و انصاف کی سفارش پر قومی احتساب بیورو اور سری لنکا کے ادارے  کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کی منظوری دے دی۔
اعلامیہ میں کہاگیاکہ اس مفاہمتی یادداشت کے تحت دولت مشترکہ کے رکن ممالک کی حیثیت سے دونوں ممالک کے درمیان رشوت اور رقوم کی غیر قانونی ترسیل کے خاتمے کے لیے تعاون کو فروغ ملے گا، وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے سرکاری ملکیتی ادارے کے13 اور20 مئی2024 کو منعقد ہونے والے اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔ وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 23 اور27 مئی 2024 کو منعقد ہونے والے اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔ وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسزکے5جون 2024 کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کردی۔

مزیدخبریں