ایک نیوز:سمندری طوفان، سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ کے الرٹ کے بعد کراچی ایئرپورٹ پر پیشگی اقدامات کے احکامات جاری کردیے۔
سی اے اے کے شعبہ ایئرسائیڈ نے متعلقہ اداروں کو الرٹ کردیا۔
سی اے اے کا کہنا ہے کہ کراچی میں 60 سے 80 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ ہلکے وزن کے ہوائی جہازوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے یا کسی مضبوط چیز سے باندھا جائے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ رن ویز اور ٹارمک ایریا کے آس پاس اشیاء کو تصادم کے خدشے کے باعث محفوظ مقام پر منتقل کیا جائے۔ گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہواؤں کے دوران مختلف قسم کے کیڑے مکوڑوں کے خاتمے کےلیے اسپرے کو یقینی بنایا جائے۔
الرٹ میں کہا گیا کہ جہازوں سے پرندوں کو دور رکھنے کےلیے اضافی برڈ شوٹرز تعینات کیے جائیں۔ ایئر فیلڈ لائٹنگ پارٹی رن ویز اور اطراف میں موجود تمام برقی آلات کی فعالیت کو یقینی بنائیں۔ بارش کے دوران محفوظ آپریشن کےلیے رن وے کی رگڑ/ بریکنگ ایکشن کا تعین کرنے والی ٹیم تیار رہے۔
سی اے اے نے ہدایت جاری کی کہ بین الاقوامی اور ڈومیسٹک سیٹلائٹ ایریا کے عقب میں بارش کے پانی کا بہاؤ ممکن بنایا جائے۔ رن ویز کے اطراف میں ہر قسم کے گڑھوں کو بھرنے کا کام فوری مکمل کیا جائے۔ فالو می وینز کو کسی بھی ہنگامی حالات کےلیے متحرک رکھا جائے۔