عوام ساحل سمندر پرجانے سے گریزکریں،این ڈی ایم اے کا الرٹ 

Jun 11, 2023 | 19:40 PM

ایک نیوز:این ڈی ایم اے نے سمندری طوفان بائپرجوائے کے پیشِ نظر تمام اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سیر و تفریح کے لیے ساحلِ سمندر پر جانے سے گریز کریں۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے اعلامیے کے مطابق سمندری طوفان بائپرجوائے 140 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے پاکستان کی ساحلی پٹی کی جانب بڑھ رہا ہے۔ بائپر جوائے کراچی کے جنوب میں موجود ہے، جو اگلے 24 گھنٹوں میں مزید شدت اختیار کر سکتا ہے۔ سمندری طوفان 13 جون تک ممکنہ طور پر سندھ کے جنوب اور جنوب مشرقی حصے پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔سمندری طوفان سے ساحلی علاقوں میں تیز آندھی آ سکتی اور طوفانی بارشیں ہو سکتی ہیں۔

این ڈی ایم اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ محکمۂ موسمیات، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز اور متعلقہ اداروں سے رابطے میں ہیں، تمام اداروں کو کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔ ماہی گیر بھی کھلے سمندر میں جانے سے گریز کریں، کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔

مزیدخبریں