بنی گالہ میں اینکر پرسنز اور سینئر صحافیوں سے ملاقات کے دوران عمران خان نے کہا کہ لگتا ہے طاقتور حلقے جاری سیاسی و معاشی بحران سے پریشان ہو چکے ہیں۔ بجٹ کے بعد حکومت ایک ڈیڑھ ماہ میں رخصت ہو جائے گی۔موجودہ سیاسی عدم استحام سے نکلنے کا واحد راستہ عام انتخابات ہیں۔امپورٹڈ حکومت ملک کومعاشی تباہی کی طرف لے کر جا رہی ہے۔جولائی سے کمر توڑ مہنگائی کا غریب عوام سامنا کیسے کریں گے۔
سابق وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ حکومت سے نکلنے کے بعد میرے سامنے 2 ہی راستے تھے، طاقتورحلقوں سے معافی مانگ کر پاؤں پکڑتا یا عوام کے پاس جاتا۔ میں نے دوسرا راستہ اپنایا اورعوام کے پاس گیا۔ لگ رہا ہے حالات سے پریشان تمام حلقے بحران سے نکلنے کا سوچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی یہ نہ سمجھے کہ لانگ مارچ ختم ہو گیا ہے، آنے والے دنوں میں اسلام اباد کارُخ کروں گا، ہم نے بڑی تعداد میں عوام کو سڑکوں پر نکال کر دکھایا ہے۔