حکومت کا 25 لاکھ دکانداروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کا اعلان

حکومت کا 25 لاکھ دکانداروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کا اعلان
ایک نیوز نیوز: وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ 25 لاکھ دکانداروں کو اس سال ٹیکس نیٹ میں لے کر آئیں گے، ملک کے انتظامی امور میں بہتری نہ لائی گئی تو ملک کا چلنا مشکل ہے، ہم دوسرے ممالک کے پاس جا جا کر مالی امداد مانگ رہے ہوتے ہیں۔
پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس کے دوران وزیر خزانہ نے صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ 25 لاکھ دکانداروں کو ٹیکس نیٹ میں شامل کریں گے۔ دکانداروں پر معمولی ٹیکس عائد کررہے ہیں۔ جو چیزیں رہ گئی ہیں وہ بجٹ میں شامل کریں گے۔ بجٹ میں آئندہ 15دن میں کچھ چھوٹی تبدیلیاں ہوں گی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مالیاتی پالیسی میں کچھ سختی آئے گی۔ ہم ملکی وسائل کا پانچ فیصد بھی استعمال نہیں کرپارہے ہیں۔ تاجروں کیلئے فکسڈ ٹیکس اسکیم لائے ہیں۔ پریس کانفرنس کے دوران چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد نے کہا کہ 25 لاکھ تاجروں کو اس اسکیم میں لائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئندہ مالی سال 4598 ارب روپے کے مالی خسارے کا سامنا ہو گا جبکہ 3950 ارب روپے قرضوں اور سود کی ادائیگی کے لیے ادا کرنے کا تخمینہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 2 ارب روپے ایس این جی پی ایل نے گزشتہ سال سردیوں میں نقصان کیا ہے، ایل این جی کی عدم خریداری کی وجہ سے گیس سرکلر ڈیٹ میں اضافہ ہوا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وفاقی حکومت نے 95 کھرب 2 ارب روپے کا سالانہ بجٹ پیش کرتے ہوئے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 15 فیصد اور پنشن میں 5 فیصد اضافہ کیا تھا۔