ویب ڈیسک:پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ نامور سینئر اداکار خواجہ سلیم ان دنوں اپنا سر و سامان فروخت کرنے کے بعد کسمپرسی کی زندی گزر بسر کرنے پر مجبور ہیں۔
45 برس تک اپنی جاندار اداکاری کے باعث ڈرامہ انڈسٹری پر راج کرنے والے اداکار نے حال ہی میں ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارم کو انٹرویو دیا ہے، جس کا کلپ سماجی رابطے کی سائٹ فیس بُک پر وائرل ہیں۔
وائرل ویڈیو کے مطابق اداکار خواجہ سلیم ان دنوں شدید علیل ہیں، شوگر کی وجہ سے ان کے پاؤں میں گینگرین ہوگیا ہے جس کے سب ان کی دو انگلیاں بھی کاٹ دی گئیں، جس میں ان کے تقریباً 12 سے 14 لاکھ روپے کے اخراجات آئے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ علاج کیلئے یومیہ 16 ہزار کے 4 انجکشن لگتے تھے، جو انہیں ڈیڑھ مہینے تک لگوانے پڑے تھے۔
لیجنڈری اداکار کے مطابق ان کی بیماری کے علاج کیلئے اہل خانہ اپنی جمع پونجی کے علاوہ، اپنا گھر، گاڑی، موٹرسائیکل سب کچھ فروخت کرکے بیٹی کے گھر منتقل ہونے پر مجبور ہوگئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی مالی حالات اس قدر خراب ہوگئے ہیں کہ گزربسر کی خاطر بہترین اداکاری کے لیے ملنے والے ایوارڈز تک فروخت کرنے پڑگئے، جس پر انہیں بہت افسوس ہے لیکن اس کے باوجود کبھی کسی حکومتی عہدیدار نے مدد کرنے کی کوشش نہیں کی۔
خواجہ سلیم نے یہ بھی بتایا کہ اس بار ان کا بجلی کا بل 60 ہزار آیا ہے اب سمجھ نہیں آ رہا کہ وہ کہاں سے ادا کروں۔
ان کا کہنا ہے کہ کوئی مجھے اسلحہ لا دے تاکہ راستے میں بیٹھ کر ہر آنے جانے والے کو لوٹ سکوں۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مجھے کسی امداد کی ضرورت نہیں ہے بلکہ میں نے اتنے برسوں تک جو ٹیکس ادا کیا ہے حکومت مجھے اس سے کچھ رقم ادا کرئے۔
واضح رہے کہ خواجہ سلیم کو پی ٹی وی کی کشمیر کے موضوع پر بننے والی رؤف خالد مرحوم کے ڈرامہ سیریل ’انگار وادی‘ میں میجر نولکھا کے کردار سے لازوال شہرت ملی تھی۔
انہوں نے ٹی وی ڈراموں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، متعدد ڈراموں میں یادگار پرفارمنس سے ناظرین کو داد دینے پر مجبور کر دیا، وہ بے شمار فلموں میں بھی کام کرچکے ہیں۔