ایک نیوز:وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی زیر صدارت نیشنل ہائی وے اتھارٹی کا اجلاس ہوا، وفاقی وزیر نے لاہو ر سیالکوٹ موٹروے کو بیریئر فری بنانے کی ہدایت کی ہے۔
عبدالعلیم خان نے ہدایت کی کہ سیالکوٹ سے راولپنڈی کی موٹروے کو 4 کی بجائے 6 لین کرنے کا جائزہ لیں،لاہور سیالکوٹ موٹروے کو بیرئیرفری بنایا جائے، پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا سے عوام الناس کو آگاہی دی جائے۔
وفاقی وزیر مواصلات کا مزید کہنا تھا سڑکوں اور موٹرویز کو آئندہ 50برس کی ضرورت کے مطابق بنایا جائے گا، بلوچستان میں 150 ارب روپے لاگت والی شاہراہ این 25 کی تکمیل کی جائے گی۔
انہوں نے این ایچ اے کوگلگت بلتستان حکومت سے مختلف مسائل پر رابطے کی ہدایت کی اور کہا ہائیکورٹ کے احکامات پر بلوچستان حکومت کو بھی اعتماد میں لیا جائے۔
وفاقی وزیر مواصلات نے شاہراہوں اور تعمیراتی منصوبوں پر کیمرے لگانے کی ہدایت کی اور کہا ایسی سڑکوں کی تعمیر کو ترجیح دیں جس سے معاشی لحاظ سے بھی فائدہ ہو سکے۔