ایک نیوز:لاہور سمیت پنجاب بھر میں ڈینگی اور لاروا کے کیسز میں اضافہ جاری ہے، گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران شہر میں ڈینگی کے 2 کنفرم کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ڈینگی کے 2کنفرم مریض لاہور کے علاقہ عزیز بھٹی ٹاؤن سے رپورٹ ہوئے ہیں، گذشتہ 24کے دوران 632 مقامات سے ڈینگی لاروا برآمد کیا گیا،حالیہ مون سون کی بارشوں کے بعد شہر میں ڈینگی وائرس پھیلنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے،شہر میں ڈینگی سرویلنس شدید متاثر جبکہ 20 ہزار سے زائد ڈینگی ہاٹ سپاٹ موجود ہیں۔
شہر میں ڈینگی لاروا کی افزائش میں خطرناک حد تک اضافہ جاری ہے، مختلف ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے 12مریض زیر علاج ہیں ، ڈینگی کے مریضوں کیلئے 1044 بیڈز مختص کیے گئے ہیں ،تمام مریضوں کی حالت خطرے سے باہر ہے،ڈینگی لاروا کو تلف کرنے کے حوالے سے اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں، مون سون سے پہلے ڈینگی سرویلنس اور لاروا کو تلف کیا جا رہا ہے،ڈینگی وائرس بڑھنے سے مریضوں کی پیچیدگیوں میں بھی اضافہ ہو گا ۔
صوبائی وزیر پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر کا کہنا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں ڈینگی سرویلنس کو تیز کیا جا رہا ہے، پنجاب بھر کے سی ای او ہیلتھ کو الرٹ کر دیا گیا ہے،لاہور میں ڈینگی ہاٹ سپاٹ موجود ہیں جن پر مکمل فوکس کرایا جائے گا۔ رواں سال ڈینگی لاروا کی افزائش کو بڑھنے سے روکنے کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز اپنا کردار ادا کریں۔
صوبائی وزیر صحت نے شہریوں سے احتیاط برتنے اور ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے کی اپیل کی ہے، ان کا کہنا ہے کہ ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے گا، وارننگ کے بعد بھی ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے والے افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی جائے گی۔