پشاور:سیکیورٹی فورسزاوردہشتگردوں میں فائرنگ،4جوان شہید،3دہشتگردہلاک

Jul 11, 2024 | 00:09 AM

ایک نیوز:سیکیورٹی فورسز اور پولیس کا انتہائی مطلوب دہشت گرد موجودگی کی اطلاع پر پشاور کے علاقے حسن خیل میں مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد انتہائی مطلوب دہشت گرد کمانڈر عبدالرحیم سمیت تین دہشت گرد مارے گئے، ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمدکرلیاگیا۔
پاک فوج کےشعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کےمطابق دہشت گرد کمانڈر عبدالرحیم قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا اور حکومت نے اس کے سر کی قیمت 60 لاکھ روپے مقرر کررکھی تھی، ہلاک دہشت گرد متعدد کارروائیوں بشمول کیپٹن حسین جہانگیر شہید اور حوالدار شفیق اللہ کی شہادت کے واقعہ میں بھی ملوث تھا۔

ترجمان پاک فوج کاکہناہےکہ اس آپریشن کے نتیجے میں مرکزی مجرم کو انصاف کے کٹہرے میں لایا گیا، تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران، وطن کے چار بہادر سپوت بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے، جن میں سپاہی محمد ادریس، سپاہی بادام گل، سب انسپکٹر تاجمیر شاہ، سی ٹی ڈی کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد اکرم شامل ہیں۔
 ترجمان کے مطابق سیکیورٹی فورسز ملک بھر میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لئے دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہیں اور بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔

مزیدخبریں