ایک نیوز :نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بھارت کی جانب سے دریائے ستلج میں پانی چھوڑے جانے پر آبادیوں کے فوری انخلا کا حکم دیدیا۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کا کہنا تھاکہ بھارت نے ستلج میں بھی 2 لاکھ 11 ہزار کیوسک پانی چھوڑ دیافیروز پور پر ایک لاکھ 21 ہزار کیوسک پانی گزرے گا ۔انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے دریائے ستلج کے بیڈ میں موجود آبادیوں کاانخلا فوری کیا جائے۔مویشیوں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔
وزیر اعلی محسن نقوی نے لاہور، ساہیوال، ملتان اور بہاولپور کے کمشنرز کو دریاؤں میں پانی کے بہاؤ کی 24گھنٹے مانیٹرنگ کی ہدایت کردی ۔
محسن نقوی کا ممکنہ سیلاب کے پیش نظرضروری حفاظتی انتظامات جلد مکمل کرنے کا حکم،محکمہ آبپاشی، تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہمہ وقت چوکس رہنے کی ہدایت کی گئی۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کاکہنا تھاکہ ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے منظور شدہ پلان کے تحت ہر ضروری اقدام اٹھایا جائے۔ایس او پیز کے تحت پیشگی حفاظتی انتظامات اوردیگر ضروری انتظامات کو حتمی شکل دی جائے۔فلڈ ایس او پیز پر عملدرآمد کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے۔ درکار آلات، مشینری او رانسانی وسائل کا پہلے سے انتظام کرنے کی ہدایت کی گئی۔
محسن نقوی کا مزید کہنا تھاکہ سیلاب سے بچاؤ کیلئے انتظامات میں غفلت ہر گزبرداشت نہیں کی جائے گی۔جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے موسم کے بارے میں مستند معلومات کا حصول یقینی بنایا جائے۔سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع ابلاغ کے ذریعے عوام کو موسم اور دریاؤں میں پانی کی صورتحال سے آگاہ رکھا جائے۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی زیرصدارت اجلاس میں صوبائی وزراء ایس ایم تنویر، عامر میر، منصور قادر۔اظفر علی ناصر، بلال افضل، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، سیکرٹریز آبپاشی، زراعت، تعمیرات و مواصلات، لوکل گورنمنٹ، ہاؤسنگ، صحت، خزانہ، اطلاعات، لائیوسٹاک، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈی جی پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، ڈی جی ریسکیو1122، ڈی جی پی آر اور متعلقہ حکام کی شرکت،تمام ڈویژنل کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔