نگران وزیراعلیٰ کا دورہ ایل ڈی اے: شہریوں کی شکایات، ون ونڈو سیل کا پورا عمل تبدیل

Jul 11, 2023 | 15:39 PM

ایک نیوز: نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے ایل ڈی اے آفس جوہرٹاؤن کا دورہ کیا جہاں شہریوں نے ان کے سامنے شکایات کے انبار لگادیے۔ جس پر ایکشن لیتے ہوئے محسن نقوی نے ون ونڈو سیل کا پورا عملہ تبدیل کردیا۔

تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ نے ون ونڈو سیل میں موجود شہریوں کے مسائل سنے۔ تو شہریوں نے محسن نقوی کے سامنے شکایات کے انبار لگا دیے۔ شہریوں نے بار بار چکر، کئی ماہ سے جمع کروائی جانے والی درخواستوں پر عملدرآمد نہ ہونے اور رشوت لینے کی شکایات کیں۔ 

جس پر نگران وزیراعلی محسن نقوی ون ونڈو سیل کی ناقص  کارکردگی پر شدید برہم ہوئے اور ون ونڈو سیل کا پورا عملہ ہٹا دیا۔ اس کے ساتھ ہی فوری طور پر نیا عملہ تعینات کرنے کا حکم بھی دیدیا۔ 

محسن نقوی نے ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا کو 14 روز میں ون ونڈو سیل کے امور بہتر بنانے کی ہدایت کردی۔ ان کا کہنا تھا کہ رشوت کی شکایات پر فوری ایکشن ہو گا۔ کرپشن پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی اختیار کی جائے گی۔

نگران وزیراعلیٰ نے ایڈیشنل ڈی جی ایل ڈی اے ہاؤسنگ کو شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کیلئے ہدایات دیں۔ اس کے علاوہ شہریوں کی زیر التواء درخواستوں کو مقرر کردہ مدت میں نمٹانے کا حکم بھی دیا۔ 

انہوں نے کہا کہ ون ونڈو سیل میں بھی شہریوں کے مسائل کو بہتر سے بہتر طریقہ سے حل کیا جائے۔ شہریوں کی درخواستوں کو ٹائم لائن کے اندر نمٹایا جائے۔ 

ایڈیشنل ڈی جی ایل ڈی اے ہاؤسنگ  بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مزیدخبریں