ایک نیوز: نیٹو کے سیکریٹری جنرل جینز سٹولٹن برگ کا کہنا ہےکہ ترک صدر نے فوجی اتحاد میں شمولیت کے لیے سویڈن کی قرارداد پارلیمان میں بھیجنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق نیٹو کے سیکریٹری جنرل جینز سٹولٹن برگ نے کہا ہے کہ ترک صدر طیب اردوگان نے ولنیئس میں نیٹو کے سربراہی اجلاس کے موقع پر فوجی اتحاد میں شمولیت کے لیے سویڈن کی قرارداد پارلیمان میں بھیجنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔
سٹولٹن برگ کا کہناہےکہ’مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ صدر اردوگان نے سویڈن کے لیے الحاق کے پروٹوکول کو جلد از جلد گرینڈ نیشنل اسمبلی میں بھیجنے اور توثیق کو یقینی بنانے کے لیے اسمبلی کے ساتھ مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔سٹولٹن برگ نے یہ بتانے سے انکار کیا کہ سویڈن کے الحاق کی ترک پارلیمنٹ، گرینڈ نیشنل اسمبلی کب توثیق کرے گی۔
روس کے یوکرین پر حملے سے پیدا ہونے والے سلامتی کے نئے خدشات کے پیش نظر سویڈن اور فن لینڈ نے سرد جنگ کی دہائیوں تک جاری رہنے والی فوجی عدم وابستگی کی پالیسیوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے گزشتہ سال نیٹو میں شمولیت کی درخواست دی تھی۔
اتحاد میں شمولیت کیلئےدرخواستوں کو نیٹو کے تمام ارکان کی جانب سے منظور کیا جانا ضروری ہے کیونکہ فن لینڈ کو اپریل میں منظوری دی گئی تھی۔ ترکیہ اور ہنگری نے سویڈن کی درخواست کو منظوری دینے سے انکار کر دیا تھا۔