وزیراعظم سے بل گیٹس کا ٹیلیفونک رابطہ، صحت عامہ، سیکٹر پروگرامز پر گفتگو

Jul 11, 2023 | 12:58 PM

ایک نیوز: وزیراعظم شہبازشریف سے بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاﺅنڈیشن کے شریک چئیرمین بل گیٹس کا ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔ جس میں صحت عامہ اور سیکٹر پروگرامز سے متعلق گفتگو ہوئی۔ 

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاﺅنڈیشن کی پاکستان میں خدمات کو سراہا۔ 

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ، مہلک بیماریوں سے بچوں کوبچانا اور غذائیت کی کمی کے مسائل پر قابو پانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وسائل میں سب کی شمولیت کے لئے موجودہ حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ 

وزیراعظم نے بل گیٹس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے ساتھ مل کر جاری تعاون کو مزید بہتر اور نتیجہ خیز بنانا چاہتے ہیں۔ 

بل گیٹس نے وزیراعظم شہبازشریف کی لیڈرشپ اور پولیو کے خاتمے کے لئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پولیو وائرس سے بچوں کو معذور ہونے سے بچانے کے لئے پاکستان کی بھرپور مدد جاری رکھیں گے۔ 

وزیراعظم اور بل گیٹ کی گفتگو میں مائیکرو پیمنٹ گیٹ وے راست اور قومی بچت پروگرام کو ڈیجیٹل کرنے سے متعلق امور بھی زیرغور آئے۔ وزیراعظم اور بل گیٹس نے قریبی تعاون اور اشتراک عمل سے کام جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔ 

یاد رہے کہ بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاﺅنڈیشن پاکستان میں صحت عامہ اور دیگر سماجی بہبود کے پروگرامز چلا رہی ہے۔

مزیدخبریں