سعودی عرب نے 2 ارب ڈالر اسٹیٹ بینک میں جمع کرادیے: اسحاق ڈار

Jul 11, 2023 | 12:29 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز:وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہےکہ قوم کے لیے خوشخبری ہے کہ سعودی عرب نے 2 ارب ڈالر اسٹیٹ بینک کے اکاؤنٹ میں جمع کرادیے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےاسحاق ڈار نے کہاکہ وزیر اعظم اور آرمی چیف کی طرف سے سعودی قیادت کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔و زیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کے معاملات بہتری کی طرف آچکے ہیں ، سعودی عرب نے 2 ارب ڈالر دے دیے ہیں۔ 

وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ ڈالر آنے سے غیر ملکی زرمبادلہ میں بہتر  ی آئے گی، سعودی عرب نے ہر موقع پر پاکستان کا ساتھ دیا۔ سعودی عرب سے 2 ارب ڈالر آنے سے ڈالر کی قیمت میں بھی کمی ہوگی اور آنے والے دنوں میں مزید اچھی ڈویلیپمنٹ ہوں گی۔  

اسحاق ڈار نے کہا کہ مستقبل میں معاشی معاملات مزید بہتری کی جانب جائیں گے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کی معیشت پہلے سے بہت بہتر ہے اور اب جلد مزید استحکام پیدا ہو گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نےسماجی رابطہ ویب سائٹ ٹوئٹر پر پوسٹ کرتے ہوئے سعودی عرب کے2 بلین امریکی ڈالر جمع کرانے پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ شہاز شریف نے کہاکہ پاکستانی عوام کی جانب سے، میں مملکت سعودی عرب کی قیادت اور برادر عوام کا اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں 2 بلین امریکی ڈالر جمع کرانے پر تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ میں اپنے بھائی سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم ہز رائل ہائینس محمد بن سلمان کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرنا چاہوں گا کہ انہوں نے پاکستان کی مالی مدد کو یقینی بنایا۔

شہباز شریف نے کہا کہ اس ذخائر سے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر مضبوط ہوں گے۔ یہ ہمارے برادر ممالک اور عالمی برادری کے پاکستان کی معاشی تبدیلی پر بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔ ہم پاکستان کی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے تمام ضروری کوششیں کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور سی او اے ایس جنرل سید عاصم منیر کی اس سلسلے میں کی جانے والی قابل قدر کوششوں کو بھی سراہنا اور شکریہ ادا کرنا چاہوں گا۔

مزیدخبریں