ایک نیوز: کراچی میں اشیا خردو نوش کی قیمتوں میں ہونے والا اضافہ برقرار ہے، گزشتہ دنوں دودھ کی قیمتوں میں ہونے والے خود ساختہ اضافے میں کوئی کمی نہیں آ سکی ہے۔ فی لیٹر دودھ 230 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے جبکہ برائلر کی فی کلو قیمت 760 روپے تک پہنچ چکی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں مہنگائی کا طوفان آگیا۔ آٹا، چینی، دودھ ، مرغی کا گوشت مہنگا ہو گیا۔ چینی کی نئی قیمت سن کر ہی منہ میں مٹھاس کے بجائے کڑواہٹ گھلنے لگی۔ فی کلو چینی کی قیمت پانچ روپے اضافے سے 140 روپے ہوگئی۔
آٹے کی قیمت میں اضافے سے غریب افراد کے لئے دو وقت کی روٹی پکانا بھی مشکل ہو گیا۔ فی کلو آٹا 10 روپے کے اضافے سے 170 روپے کا ہوگیا۔ دودھ کی قیمتوں میں کیا گیا خود ساختہ اضافہ بھی کم نہ ہوسکا۔ فی کلو دودھ کی قیمت 230 روپے فی لیٹر پر برقرار ہے۔
برائلر کی قیمت کو بھی پرلگے ہوئے ہیں۔ برائلر کی فی کلو قیمت 760 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ غریب عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں۔ دوسری جانب انتظامیہ کی روایتی سستی اور نااہلی کے باعث گرانفروشوں کی چاندی ہوگئی ہے۔