شاہدرہ میں سیلابی ریلہ کب پہنچے گا؟ پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا

Jul 11, 2023 | 11:45 AM

ایک نیوز: بھارت کی جانب سے چھوڑا گیا سیلابی ریلہ شاہدرہ کی جانب بڑھنے لگا۔ دریائے راوی میں چھوڑے گئے سیلابی ریلے کے حوالے سے پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بھارت کی جانب سے دریائے راوی میں ایک لاکھ پچاسی ہزار کیوسک کا سیلابی ریلہ چھوڑا گیا ہے۔ جو کہ شکرگڑھ کے سرحدی علاقوں سے ہوتا ہوا شاہدرہ کی جانب بڑھ رہا ہے۔ 

بتایا گیا ہے کہ نارووال میں جسر کے مقام پر دریائے راوی کے بہاؤ میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ جہاں پانی کا بہاؤ 26 ہزار 220 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ 

ذرائع کے مطابق کرتارپور میں راوی کے پار پھنسے 27 کسانوں سمیت نشیبی علاقوں میں پھنسے دھان کی کاشت میں مصروف 327 افراد کو بھی ریسکیو کرلیا گیا ہے۔ 

ایگزیکٹو انجینئر نے خبردار کیا ہے کہ سیلابی ریلہ آئندہ 24 سے 36 گھنٹے میں لاہور کے علاقے شاہدرہ پہنچے گا۔ جلالہ کے مقام پر دریائے راوی، جبکہ نالہ ڈیک، بسنتر اور نالہ بئیں میں بھی پانی کے بہاؤ کی نگرانی کی جارہی ہے۔ 

مزیدخبریں