ایک نیوز: کیپٹن کرنل شیر خان شہید ٹی 20 کرکٹ چیمپیئن شپ کا لاہور میں انعقاد کیا گیا۔ کرکٹ کے میگا ایونٹ کا باقاعدہ آغاز کیپٹن فصیح بابر امین شہید سپورٹس کمپلیکس ڈی ایچ اے لاہور میں کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ٹورنامنٹ کا انعقاد کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی برسی کے موقع پر شہدائے پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ ٹورنامنٹ کا آغاز پروقار افتتاحی تقریب سے کیا گیا۔
شرکاء میں کمانڈر لاہور کور ، کیپٹن کرنل شیر خان شہید، نشان حیدر کے بھائی انور خان، کرکٹ کی دنیا کے مایہ ناز کھلاڑی اور کھیل کے شائقین کی ایک بہت بڑی تعداد موجود تھی۔ تقریب میں موجود کرکٹ سٹارز میں عامر سہیل، انضمام الحق، مصباح الحق، عبدالرزاق اور سلمان بٹ نمایاں تھے۔
افتتاحی تقریب میں کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی زندگی پر مبنی ایک ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی۔ چیمپئن شپ میں 8 ٹیموں نے حصہ لیا۔ ان ٹیموں میں قومی سطح کے کھلاڑی بھی شامل تھے۔
یہ ٹورنامنٹ 16 جولائی تک جاری رہے گا اور اس میں کل 15 میچز کھیلے جائیں گے۔ ٹی 20 میچ کا دورانیہ روزانہ شام چار سے رات دس بجے تک جاری رہے گا۔
ایسے مقابلوں کے انعقاد کے ذریعے سے نوجوان نسل میں اپنے شہداء کی قربانیوں سے آگاہی پیدا ہوتی ہے۔