ایک نیوز: کویت نے سویڈش زبان میں قرآن کریم کے ترجمے والے ایک لاکھ نسخوں کی اشاعت کا اعلان کردیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق کویتی وزیراعظم شیخ احمد نواف الاحمد الصباح نے متعلقہ اتھارٹی کو نسخوں کی اشاعت کی ہدایت دے دی ہے۔ کویتی وزیر اعظم کا یہ فیصلہ اسلام کی رواداری اور تمام لوگوں کے درمیان اسلامی اقدار اور بقائے باہمی کو پھیلانے کے مقصد کے تحت کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 28 جون کو عیدالاضحیٰ کے پہلے دن سویڈن میں ایک گستاخ عراقی شہری نے قرآن کریم کے نسخے کی بے حرمتی کی تھی۔اس گھناؤنی حرکت پر دنیا بھر میں مسلمانوں میں شدید غم و غصہ پھیل گیا تھا۔ پولیس نے عراق سے تعلق رکھنے والے شہری کو کئی بار قرآن پاک نذر آتش کرنے کی اجازت دینے سے انکار کیا تھا لیکن مقامی عدالت نے پولیس کے فیصلے کو آزادی اظہار رائے کے خلاف قرار دیا تھا۔