کراچی میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر پاک بحریہ نےآپریشن مدد کا آغاز کر دیا، ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ایدھی فاؤنڈیشن کے ساتھ مشترکہ آپریشن کے دوران غوطہ خور ٹیم نے لیاری ندی میں پھنسے 10 افراد کو بحفاظت نکال لیا۔ پی ڈی ایم اے سندھ کی درخواست پر پاک بحریہ کی ٹیمیں نکاسی آب میں مصروف ہیں۔
متاثرہ علاقوں میں فوج کے دستے اور رینجرزبھی امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں، گجر، اورنگی اور محمود آباد سمیت تمام نالے اپنی بہترین صلاحیت سے کام کر رہے ہیں۔ وقت کے ساتھ ساتھ پانی کم ہو جائے گا تاہم اس نازک وقت میں سی بی سی اور ڈی ایچ اے کے علاوہ پاک فوج اور رینجرز امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔
کراچی میں گذشتہ رات سے ہونے والی بارش کے سبب شہر کے نشیبی علاقے ڈوب گئے، اہم شاہراہیں زیر آب ہیں جبکہ انڈر پاسز میں بھی پانی بھر گیا ہے۔ شہر میں سب سے زیادہ بارش مسرور بیس میں 119.5 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ ڈی ایچ اے فیز2 میں 106.6 ملی میٹر، قائد آباد 76 ،ناظم آباد 101، فیصل بیس میں 65 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔