بنگلہ دیش کے سابق کپتان تمیم اقبال کا کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

Tamim-Iqbal-Retirement

ویب ڈیسک: بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان تمیم اقبال نے ایک بار پھر بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا کہ وہ چیمپئنز ٹرافی جیسے اہم ایونٹ سے قبل ٹیم کی تیاریوں میں کسی قسم کی رکاوٹ بننے سے گریز کرنا چاہتے ہیں۔

تمیم اقبال، جنہوں نے 2007 میں زمبابوے کے خلاف ہرارے میں اپنے ون ڈے کریئر کا آغاز کیا تھا، مجموعی طور پر 243 ون ڈے، 70 ٹیسٹ اور 78 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں بنگلہ دیش کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ وہ اپنے کریئر میں 15 ہزار سے زائد رنز بنانے والے بنگلہ دیش کے واحد بیٹر ہیں اور 25 سنچریوں کا قومی ریکارڈ بھی ان کے نام ہے۔

تمیم اقبال نے سوشل میڈیا پر اپنی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے ایک جذباتی پوسٹ میں لکھا: "بین الاقوامی کرکٹ سے کافی وقت دور رہنے کے بعد میں نے فیصلہ کیا ہے کہ اب اس فاصلے کو برقرار رکھا جائے۔ میں کافی عرصے سے اس فیصلے پر غور کر رہا تھا اور چیمپئنز ٹرافی کے قریب آتے ہی یہ فیصلہ میرے لیے واضح ہو گیا۔ میں نہیں چاہتا کہ میری موجودگی سے ٹیم کی تیاریوں میں خلل پیدا ہو۔"

یاد رہے کہ تمیم اقبال نے گزشتہ سال بھارت میں منعقدہ ون ڈے ورلڈکپ سے قبل بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، لیکن ایک دن بعد ہی اپنا فیصلہ واپس لے لیا تھا۔ تاہم، وہ کمر کی انجری کے باعث ورلڈکپ میں شرکت نہیں کر سکے تھے۔

چیمپئنز ٹرافی 19 فروری سے 9 مارچ 2025 تک پاکستان میں کھیلی جائے گی، جہاں بنگلہ دیش گروپ اے میں میزبان اور دفاعی چیمپئن پاکستان، بھارت اور نیوزی لینڈ کے ساتھ شامل ہے۔

ریٹائرمنٹ کے حوالے سے تمیم نے بتایا کہ کپتان نجم الحسن شانتو نے انہیں چیمپئنز ٹرافی کے لیے ٹیم میں واپس آنے کی پیشکش کی تھی، اور اس حوالے سے سلیکشن کمیٹی کے ساتھ بھی بات چیت ہوئی۔

تاہم، تمیم نے کہا "میں سلیکشن کمیٹی اور کپتان کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے مجھے ٹیم میں شامل کرنے پر غور کیا، لیکن میں نے اپنے دل کی بات سنی اور بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کیا۔"

تمیم اقبال نے ستمبر 2023 میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں آخری بار بنگلہ دیش کی نمائندگی کی تھی، جس میں بنگلہ دیش کو 0-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ان کا کریئر بنگلہ دیشی کرکٹ کی تاریخ میں نمایاں حیثیت رکھتا ہے، اور ان کی بیٹنگ نے کئی اہم مواقع پر ٹیم کو کامیابیاں دلائیں۔

تمیم اقبال کے اس اعلان کے بعد مداحوں نے سوشل میڈیا پر ان کے شاندار کریئر کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کی خدمات کو سراہا۔

تمیم اقبال کا یہ فیصلہ بنگلہ دیشی کرکٹ کے لیے ایک اہم موڑ ثابت ہو سکتا ہے، لیکن ان کی یادگار پرفارمنسز ہمیشہ شائقین کرکٹ کے دلوں میں زندہ رہیں گی۔