ویب ڈیسک: بھارتی کرکٹ ٹیم کے معروف کھلاڑی منیش پانڈے اور ان کی اہلیہ، اداکارہ اشریتا شیٹی کے درمیان علیحدگی کی افواہیں تیزی سے سوشل میڈیا اور بھارتی میڈیا پر گردش کر رہی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق، دونوں نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک دوسرے کو ’اَن فالو‘ کر دیا ہے اور ایک دوسرے کی تصاویر بھی ڈیلیٹ کر دی ہیں۔
اس کے بعد سے قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ دونوں کے درمیان تعلقات کشیدہ ہو چکے ہیں اور جلد علیحدگی کا اعلان ہو سکتا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، منیش پانڈے اور اشریتا شیٹی کو کافی عرصے سے ایک ساتھ عوامی مقامات پر نہیں دیکھا گیا۔ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ 2024 کے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) سیزن کے بعد سے دونوں کے درمیان اختلافات پیدا ہونا شروع ہوئے۔
یاد رہے کہ منیش پانڈے نے بھارتی کرکٹ ٹیم کی جانب سے 29 ون ڈے اور 39 ٹی20 انٹرنیشنل میچز کھیلے ہیں، جبکہ ان کی اہلیہ اشریتا شیٹی جنوبی انڈین فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ ہیں۔ یہ جوڑا دسمبر 2019 میں ایک نجی تقریب میں شادی کے بندھن میں بندھا تھا، جسے ان کے مداحوں نے بے حد پسند کیا تھا۔
اس سے قبل بھارتی کرکٹر یوزویندر چہل اور ان کی اہلیہ دھناشری ورما کے درمیان علیحدگی کی خبریں بھی زیر بحث آئیں تھیں۔ تاہم، دونوں نے انسٹاگرام اسٹوریز کے ذریعے ان افواہوں کی تردید کی تھی، مگر اس معاملے پر کوئی باضابطہ بیان نہیں دیا گیا۔
ابھی تک منیش پانڈے یا اشریتا شیٹی کی جانب سے ان خبروں پر کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔ مداحوں کی نظریں دونوں کے مستقبل کے فیصلوں پر مرکوز ہیں، جبکہ یہ افواہیں بھارتی کرکٹ اور شوبز حلقوں میں موضوعِ بحث بنی ہوئی ہیں۔