سپریم کورٹ کےجج جسٹس اعجاز الاحسن مستعفی

Jan 11, 2024 | 18:30 PM

ایک نیوز : سپریم کورٹ آف پاکستان کے جج جسٹس اعجاز الاحسن بھی اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس اعجاز الاحسن نے اپنا تحریری استعفی صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو ارسال کیا ہے،جسٹس اعجاز الاحسن سپریم کورٹ کی سنیارٹی میں دوسرے سینئر ترین جج تھے ۔اگلے چیف جسٹس کیلئے ان کا نام سب سے اوپر تھا،جسٹس اعجاز الاحسن نے اکتوبر میں چیف جسٹس آف پاکستان بننا تھا۔

قبل ازیں  قاضی فائز عیسیٰ کی زیر صدارت سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس ہوا تو جسٹس سردار طارق مسعود ،چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ بطور رکن اجلاس میں شریک ہوئے تاہم ممبر جسٹس اعجاز الاحسن شریک نہیں ہوئے تھے ۔جسٹس اعجازالاحسن نے دو روز قبل سابق جسٹس مظاہرنقوی کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی سے اختلاف کیا تھا۔

 یاد رہے کہ سپریم کورٹ کے سابق جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے گزشتہ روز اپنا  استعفیٰ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو بھجوایا تھا۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے سپریم کورٹ کے سابق جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کا استعفیٰ منظور کر لیا گیا۔

صدر مملکت کو ارسال کردہ استعفے میں انہوں نےلکھا تھا کہ پہلے لاہور ہائی کورٹ اور پھر سپریم کورٹ آف پاکستان کے جج کے طور پر تعینات ہونا اور خدمات انجام دینا اعزاز کی بات ہے۔انہوں نے کہا تھا کہ عوامی معلومات اور کسی حد تک عوامی ریکارڈ کا معاملہ ہونے کی وجہ سے ایسے حالات میں میرے لیے اب سپریم کورٹ آف پاکستان کے جج کے طور پر خدمات جاری رکھنا ممکن نہیں ہے۔اپنے استعفے میں انہوں نے لکھا کہ ’ڈیو پروسس‘ کی سوچ بھی اس فیصلے پر مجبور کرتی ہے، اس لیے میں آج سے سپریم کورٹ آف پاکستان کے جج کے عہدے سے مستعفی ہو رہا ہوں۔سپریم کورٹ کے مستعفی ہونے والے جج نے اپنے اوپر عائد کردہ الزامات کو مسترد کیا تھا۔

 اگلا چیف جسٹس کون ہوگا؟

جسٹس اعجاز الاحسن سپریم کورٹ کی سنیارٹی میں دوسرے سینئر ترین جج تھے ۔اگلے چیف جسٹس کیلئے ان کا نام سب سے اوپر تھا،جسٹس اعجاز الاحسن نے اکتوبر میں چیف جسٹس آف پاکستان بننا تھا،سنیارٹی لسٹ کے دوسرے سینئر ترین جج جسٹس سردار طارق مسعود 10 مارچ 2024 کو ریٹائرڈ ہو جائیں گے ۔جسٹس اعجاز کے استعفے، جسٹس سردار طارق کی ریٹائرمنٹ کے بعد جسٹس منصور سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج ہوں گے ۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی 25 اکتوبر 2024 کو ریٹائرمنٹ کے بعد جسٹس منصور علی شاہ چیف جسٹس بن جائیں گے۔جسٹس منصور علی شاہ تین سال کے لیے( نومبر 2027 تک)چیف جسٹس کے عہدے پر فائز رہیں گے ۔جسٹس منیب اختر  جسٹس منصور علی شاہ کے بعد چیف جسٹس بنیں گے۔جسٹس یحیٰ  آفریدی جسٹس منیب اختر کے بعد چیف جسٹس ہوں گے۔

مزیدخبریں