انتخابی مہم کے دوران تقسیم کردہ مائع ڈیٹرجنٹ کھانے سے 3 افراد ہسپتال منتقل

Jan 11, 2024 | 14:43 PM

ایک نیوز: تائیوان کے ذرائع ابلاغ کی خبروں کے مطابق صدارتی انتخاب کی مہم کے دوران تقسیم کیا گیا کپڑے دھونے والا مائع ڈٹرجنٹ غلطی سے کھانے کے بعد کم از کم تین افراد کو ہسپتال داخل کرایا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق متاثرہ افراد میں سے ایک (خاتون) نے بتایا کہ انہیں لگا یہ کینڈی ہیں۔ یہ مائع ڈٹرجنٹ ایک پلاسٹک پیکنگ میں تھا جس پر نیشنلسٹ پارٹی کے امیدوار ہو یو-ای اور ان کے انتخابی ساتھی کی تصاویر تھیں۔

پیکنگ پر لکھا تھا ’نمبر تین کو ووٹ دیں‘ جو کہ نیشنلسٹ ٹکٹ کے لیے بیلٹ پیپر پر نمبر ہے۔ ہر پیکٹ سے آٹھ کلوگرام (18 پاؤنڈ) تک کپڑے دھوئے جا سکتے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ایک قوم پرست مہم کے دفتر نے تقریبا چار لاکھ 60 ہزار پیکٹ دیے۔

خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق وسطی تائیوان میں دفتر کے سربراہ ہنگ جنگ چانگ نے اس واقعے پر معافی مانگی ہے۔ ہنگ نے میڈیا پر نشر ہونے والی ایک ویڈیو میں کہا کہ ’اگلی گھر گھر مہم میں، ہم اس طرح کا انتخابی مواد تقسیم نہیں کریں گے۔ ’ہم اپنی نچلی سطح کی تنظیموں کے ذریعے اپنے دیہاتیوں پر بھی زور دیں گے کہ وہ کپڑے دھونے کے لیے ہے، کینڈی نہیں۔‘

نیوز ایجنسی کے مطابق ہسپتال میں داخل ہونے والوں میں ایک 80 سالہ شخص اور ایک 86 سالہ خاتون بھی شامل ہیں جنہیں پیٹ سے مائع نکالنے کے بعد گھر بھیج دیا گیا۔

مزیدخبریں