ایک نیوز: ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ میدانی علاقوں میں دھند چھائے رہے گی۔ کراچی میں رواں موسم سرما کی اب تک کی سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہر لاہور میں ٹھنڈی ہواؤں کا سلسلہ جاری ٹھنڈی ہوا چلنے سے خنکی اور سردی کا احساس بڑھ گیا۔ خشک سردی سے شہریوں کی معمولات زندگی بھی متاثر ہونے لگی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 99فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں تیسرے نمبر پر آ گیا ہے۔ شہر میں ائیر کوالٹی انڈیکس کی مجموعی شرح 208ریکارڈ کی گئی ہے۔ یو ایس قونصلیٹ 307 جبکہ ٹھوکر میں آلودگی کی شرح 198ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے، قلات میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیا گیا۔ سبی میں کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ،نوکنڈی میں کم سے کم درجہ حرارت 6 ڈگری سینٹی گریڈ،تربت میں کم سے کم درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی علاقوں اور شمالی بلوچستان میں شدید سرد رہے گا، پنجاب خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں شدید دھند, سموگ چھائے رہے گی،کشمیر اور خطۂ پوٹھوہار میں صبح کے اوقات میں بعض مقامات پر کہرا پڑنے کی توقع ہے، اسلام آباد اور گر دو نواح میں موسم سرد اور خشک رہے گا، صبح کے اوقات میں بعض مقامات پر دھند کا امکان ہے،خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی اضلاع میں شدید سرد رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ مری، گلیات اور گر دو نواح میں شدید سرد اور خشک رہے گا،پنجاب کے بیشتر اضلاع میں دن کے درجہ حرات معمول سے قدرے کم رہیں گے،بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی اضلاع میں شدید سرد رہے گا،سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور خشک رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے حکام نے بتایا کہ گزشتہ رات شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جو اب تک کی رواں موسم سرما کی سرد ترین رات رہی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس سے قبل رواں موسم سرما کا کم سے کم درجہ حرارت دسمبر میں 11.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
آئندہ 24 گھنٹوں میں شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 10 سے 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیے جانے کا امکان ہے جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 24 سے 26 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان ریکارڈ کیا جاسکتا ہے۔
ہوا میں نمی کا تناسب 51 فیصد ہے اور اس وقت شمال سے ہلکی ہوائیں چل رہی ہیں جب کہ دوپہر تک ہواؤں کی سمت مغرب سے بھی ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر میں حد نگاہ 3 کلو میٹر تک ریکارڈ کی گئی۔
دوسری جانب ماہرین محکمہ موسمیات چودھری اسلم کے مطابق جنوری کے آخری ہفتے میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے جبکہ فروری میں سردی کی شدت میں کمی آنے کا امکان ہے۔
ماہرین نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کی ہدایت کی ہے۔اُن کا کہنا ہے کہ شہری گھر سے نکلتے وقت ماسک کا استعمال یقینی بنائیں اورشہری غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں۔