ایک نیوز :وفاقی وزیرداخلہ راناثنااللہ کی زیر صدارت متحدہ اپوزیشن کا مشترکہ اجلاس ہوا ۔ پارٹی ذرائع کےمطابق اجلاس میں مختلف آئینی و قانونی آپشنز پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا ۔
رانا ثنا اللہ نے ارکان ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اگر آج اجلاس میں اعتماد کا ووٹ لینے کی کوشش کی گئی تو متحدہ اپوزیشن کے اراکین ووٹنگ پر کڑی نظر رکھیں،حکومت جعلی اراکین کے ذریعے ووٹنگ کا عمل مکمل کر سکتی ہے، پارٹی ذرائع کے مطابق رانا ثناء اللہ نے رانا مشہود، خلیل طاہر سندھو سمیت دیگر لیگی اراکین کو مختلف ٹاسک سونپ دئیے۔
اس سےقبل تحریک انصاف کا بھی اجلاس ہوا ،سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر عثمان بزدار نے پنجاب اسمبلی کے ارکان کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام ارکان پنجاب اسمبلی پہنچیں ۔ذرائع کےمطابق اراکین اسمبلی کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔
واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی کاہنگامہ خیز اجلاس اسپیکرسبطین خان کی زیر صدارت جاری ہے ۔ آج وزیراعلی پنجاب کی جانب سے اعتماد کا ووٹ لئے جانے کا امکان ہے، تحریک انصاف نے ارکان کی فرضی طور پر گنتی کا عمل شروع کردیا ۔ فواد چودھری نے دعویٰ کیا ہے کہ تحریک انصاف کے 185 ارکان ایوان میں موجود ہیں ، 2 ارکان کا انتظار کیا جارہا ہے۔ جیسے ہی ہندسہ پورا ہوگا اعتماد کا ووٹ لے لیا جائے گا۔