ایک نیوز: سابق وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں پر دباؤ ڈالے جانے کا الزام لگادیا ہے۔ عمران خان نے مونس الہیٰ کے دوست پر تشدد سے متعلق بھی انکشافات کرڈالے۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا پنجاب کی پارلیمانی پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ لینے سے متعلق عمران خان نے کہا کہ کرکٹ کی طرح میں اپنے ارکان کا اسکور بھی دیکھ رہاہوں۔ میں سب کو فالو کررہا ہوں۔ ہمارے جو ارکان اسمبلی نہیں آرہے ، ان کو بھی مانیٹر کررہا ہوں، آنے والے ایک دو دنوں میں اہم فیصلہ ہوگا اور ہم کامیاب ہوں گے۔میں عوام کی خاطر 2 اسمبلیاں قربان کررہا ہوں ۔ 2 اسمبلیاں توڑنے کے بعد کوشش ہے کہ دونوں صوبوں میں الیکشن ہوں۔دونوں صوبوں میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔ جس کے بعد بڑے فیصلے طاقت سے کریں گے۔
عمران خان نے انکشاف کیا کہ ہمارے لوگوں کو ڈرایا جارہا ہے کہ ہم نے عمران خان کو مائنس کردیا ہے ، اس پر ریڈ لائن لگادی گئی ہے، اس کا تو کوئی مستقبل ہی نہیں ہے۔جو لوگ یہ بات کرتے ہیں وہ بے وقوف ہیں۔حیران ہوں کہ کون ایسے فیصلے کرتا ہے ، خاص کر جب انہیں پتہ ہو کہ لوگ کہاں کھڑے ہیں۔جیسے ہی میری ٹانگ ٹھیک ہوگی ، دو تین ہفتے لگیں گے، میں پھر سڑکوں پر نکلوں گا۔جو لوگ کہہ رہے ہیں کہ مجھ پر ریڈ لائن لگادی ہے، ان کو میں ریڈ لائن مٹا کر دکھاؤں گا۔
عمران خان نے مزید کہا کہ ہمارے اراکین کو دھمکیاں اور پیسوں کا لالچ دیا گیا۔ ہمارے لوگوں کو کہا گیا کہ ن لیگ میں جائیں۔ عمران خان اور تحریک انصاف کا کوئی مستقبل نہیں۔کسی پر ریڈ لائن صرف پاکستان کے عوام لگاسکتے ہیں، اور کوئی نہیں۔جس تعداد میں ایم پی ایز آئے ہیں ، مجھے آپ لوگوں پر فخر ہے۔ہمارے اتحادیوں کو دھمکیاں دی گئیں۔پرویز الہیٰ کو بھی داد دیتا ہوں ، یقیناً آپ لوگوں پر بھی دباؤ ڈالا گیا ہے۔اداروں سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ ہمارے حقوق کا تحفظ کون کرے گا؟
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت سازش کے تحت گرائی گئی،زرداری کا شکریہ اس نے ہماری پارٹی سے گندے انڈے صاف کردئیے۔ نوازشریف نے الیکشن کمیشن سے مل کر خاص حلقوں میں ضمنی الیکشن کروائے۔ ہم نے پچھلے 8 ماہ میں ریکارڈ 65 جلسے کئے ، گرمی کی انتہا میں بھی لوگ بڑی تعداد میں نکلے۔ ضمنی انتخابات میں بھی کامیابیاں سب کے سامنے ہیں۔ ہماری حکومت میں ریکارڈ سب سے زیادہ ڈالر ملک میں آئے۔ جس کو بھی یہ تکبر ہے کہ ریڈ لگادی اس میں کوئی عقل نہیں۔آپ جنتی مرضی انجینئرنگ کرلیں ، نتیجہ وہی ہوگا جو ضمنی انتخابات میں ہوا۔ 2023 الیکشن کا سال ہے، ہمیں فوری الیکشن کرانے ہیں۔
عمران خان نے مزید انکشاف کیا کہ ق لیگ پر دباؤ ڈالنے کیلئے مونس الہیٰ کے قریبی دوست فرحان کو اٹھایا گیا۔ اور اس پر وحشیانہ تشدد کیا گیا۔ آج جب اسے عدالت پیش کیا گیا تو ڈر کے مارے کچھ بول ہی نہیں پایا۔ کیونکہ اسے خوف تھا کہ شاید اسے انصاف نہ ملے کیونکہ وہ لوگ زیادہ طاقتور ہیں۔ سابق وزیراعظم نے کہا مجھے آج وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ نے بھی بتایا کہ کس طرح فرحان کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ اگر میں عوام کو بتادوں کہ اس پر کیسے تشدد کیا گیا تو برداشت نہیں کر پائیں گے۔ شہبا زگل بھی آج تک تشدد کے اثرات میں ہے۔ اعظم سواتی کو سلام پیش کرتا ہوں کہ 75 سال کی عمر میں حقیقی آزادی کیلئے ڈٹ گیا ہے۔