ایک نیوز: پاکستان شوبز انڈسٹری کی اداکارہ مہوش حیات کا کہنا ہے کہ ہمارے یہاں بیمار ذہنیت کے لوگوں کا مشغلہ آرٹسٹوں کی بے عزتی کرنا ہے، میرے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا ہے۔
اداکارہ مہوش حیات کاسندھ ہائی کورٹ میں سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ جو باتیں پھیلائی جارہی ہیں اس سے میں، میرا خاندان ذہنی اذیت سے گزر رہے ہیں۔ دنیا بھر میں آرٹسٹوں کی قدر کی جاتی ہے لیکن ہمارے یہاں سوشل میڈیا پر بیمار ذہنیت کے لوگ موجود ہیں، جن کا مشغلہ آرٹسٹوں کی بےعزتی کرنا ہے۔ عام لوگ بھی غلط افواہوں پر بنا سوچے سمجھے یقین کر لیتے ہیں۔ مجھے عدلیہ سے انصاف کی امید ہے۔
مہوش حیات کا مزید کہنا تھا کہ خواتین کی عزت کرنا سب کی ذمہ داری ہے، کسی کے خلاف منفی مہم چلانا جرم ہے۔سوشل میڈیا پر ان چیزوں کو آگے پھیلانے والے بھی اس جرم کے مرتکب ہیں، یہ غیر اخلاقی حرکت ہے اس پر سخت ایکشن لینا چاہیے۔