وزیراعلیٰ پنجاب کا جناح ہسپتال کی نئی ایمرجنسی، ٹراما سنٹر کے تعمیراتی کاموں کا افتتاح 

Jan 11, 2023 | 16:32 PM

ایک نیوز: وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے آج لاہور کے جناح ہسپتال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ہسپتال کی نئی ایمرجنسی اور ٹراما سنٹر کے تعمیراتی کاموں کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔ 

اس موقع پر چودھری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ 8 ارب 65 کروڑ روپے کی لاگت سے جناح ہسپتال میں نیا ایمرجنسی بلاک اورٹراما سینٹر بنایا جائے گا۔ ایمرجنسی اورٹراما سینٹر کی7منزلہ عمارت 256بیڈز پر مشتمل ہوگی۔ ایکسیڈنٹ اور ایمرجنسی کیلئے 26بیڈز مختص کیے جائیں گے۔ 

وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ کارڈیک ایمرجنسی کیلئے 24بیڈز،سرجیکل اورالائیڈ ایمرجنسی کیلئے 48 بیڈز ہوں گے۔ جناح ہسپتال میں مریضوں کے رش کے پیش نظرٹراما سینٹر اورنئی ایمرجنسی کا قیام ضروری تھا۔ نئی ایمرجنسی میں ڈائیگناسٹک سروسز بھی مہیا کی جائیں گی جن میں کیتھ لیب، پتھالوجی، ریڈیالوجی اور فارمیسی بھی موجود ہو گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ مریضوں اورلواحقین کی سہولت کیلئے لفٹ، ریمپ، ویل چیئر، سٹریچر اور دیگرسہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ ایمرجنسی بلاک و ٹراما سینٹر کے منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے گا- ایمرجنسی میں تمام ادویات مفت فراہم کی جائیں گی۔ ڈاکٹر یاسمین راشد اور ان کی ٹیم صوبے کے عوام کو ہیلتھ کیئر کی معیاری سہولتیں فراہم کرنے کے لئے شبانہ روز محنت کر رہی ہیں-

صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئرو میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹریاسمین راشد اور سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر و میڈیکل ایجوکیشن احمد جاوید قاضی نے وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کو نئے ایمرجنسی بلاک اور ٹراما سنٹر کے حوالے سے بریفنگ دی۔ 

صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر یاسمین راشد، صوبائی وزراء محسن لغاری، لطیف نذر، پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی محمد خان بھٹی، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن احمد جاوید قاضی، سیکرٹری خزانہ مجاہد شیر دل، چیف ایگزیکٹو آفیسر انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب،ڈی جی پروٹو کول پنجاب عنصر نذیر، ڈی جی پی آر راؤ پرویز اختر، پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج، ایم ایس جناح ہسپتال، چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ علامہ اقبال میڈیکل کالج، ممبر بورڈ آف مینجمنٹ بیرسٹر صاحبزادہ مظفر، پروفیسر مسعود راشد اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مزیدخبریں