4 بار کی چیمپئن پاکستان، ہاکی ورلڈکپ سے باہر کیوں؟

Jan 11, 2023 | 16:15 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز : ہاکی ورلڈ کپ 13 جنوری سےبھارتی ریاست  اڈیشہ میں شروع ہو رہا ہے  بھارت چوتھی بار  عالمی  ٹورنامنٹ کی میزبانی کر رہا ہے جبکہ پاکستان ورلڈ کپ کا حصہ نہیں ہے۔ 

ایشیا ہاکی کپ میں بھارت کی انڈونیشیا کے خلاف 16 گولز سے جیت نے پاکستان کو ایشیا کپ کے ساتھ ساتھ ورلڈکپ سے بھی باہر کردیاتھا۔ پاکستان کے پاس فائنل فور میں جگہ بنانے کے لیے سنہرا موقع تھا جس میں قومی ٹیم نے جاپان کے ساتھ میچ ڈرا کرنا تھا  لیکن پاکستان کو تین دو سے شکست ہو گئی۔اس شکست کے بعد پاکستان کی اگلے مرحلے تک رسائی اس صورت میں ممکن ہوسکتی تھی جب بھارت انڈونیشیا کے خلاف 16 گولز سے کم کے فرق کے ساتھ میچ جیتے لیکن انڈونیشیا ہاکی ٹیم کا دفاع جارح مزاج بھارتی ٹیم کے آگے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور بھارت ٹیم نے ان پر 16 گول داغ دیئے۔

واضع رہے کہ  ہاکی ورلڈ کپ کا آغاز 52 سال قبل 1971 میں ہوا تھا۔ اس ٹورنامنٹ میں 10 ٹیموں نے حصہ لیا تھا۔جس میں پاکستان نے فائنل میں اسپین کو 1-0 سے شکست دے کر پہلی بار عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
ہاکی  ٹورنامنٹ کا 15 واں ایڈیشن  13 جنوری سے شروع ہونے جارہا ہے جس میں 16 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ 16 ٹیموں کو چار چار گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ بھارت کو انگلینڈ، ویلز اور اسپین کے ساتھ گروپ-4 میں رکھا گیا ہے۔ گورپ اے میں ارجنٹینا، آسٹریلیا، فرانس اور جنوبی افریقہ، گروپ بی میں بیلجیئم، جرمنی، جاپان اور کوریا، گروپ سی میں چلی، ملیشیا، نیدرلینڈ، نیوزی لینڈ اور گروپ ڈی میں بھارت، انگلینڈ، اسپین اور ویلس شامل ہیں۔
بھارت چوتھی بار ٹورنامنٹ کی میزبانی کر رہا ہے۔ اس سے قبل بھارت 1982، 2010 اور 2018 کے ایڈیشن کی میزبانی کر چکا ہے۔ پہلا ورلڈ کپ 1971 میں کھیلا گیا تھا۔ اس کے بعد 1975 تک ہر 2 سال بعد اس کا اہتمام ہوتا رہا تھا۔ پھر 1981 تک ورلڈ کپ 3 سال کے وقفے میں ہوا۔ پھر 1986 سے ورلڈ کپ 4 سال کے وقفے سے لگاتار ہو رہا ہے۔ 2022 میں ٹورنامنٹ کووڈ کی وجہ سے منتقل کر دیا گیا تھا۔ اب اس کا اہتمام جنوری 2023 میں کیا جا رہا ہے۔
پاکستان ٹورنامنٹ کی کامیاب ترین ٹیم ہے اور اسکے نام 4 ٹائٹلز ہیں۔ پاکستان کے علاوہ آسٹریلیا اور نیدرلینڈز 3-3 مرتبہ ٹائٹل جیت چکے ہیں۔ جرمنی 2 مرتبہ عالمی چیمپئن بن چکا ہے۔ اس کے ساتھ ہی بیلجیئم نے بھی ہندوستان کی طرح ایک بار ٹائٹل جیتا ہے۔
چاروں گروپوں میں سے ہر  گروپ سے ایک  ٹیم براہ راست کوارٹر فائنل راؤنڈ میں پہنچ جائیں گی جبکہ تمام گروپس میں دوسرے اور تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیمیں کراس اوور راؤنڈ کھیلیں گی۔ کراس اوور میچ کی جیتنے والی ٹیمیں کوارٹر فائنل میں پہنچ جائیں گی اور کوارٹر فائنل راؤنڈ جیتنے والی ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچ جائیں گی۔ 27 جنوری کو دو سیمی فائنل میچ کھیلے جائیں گے۔ سیمی فائنل جیتنے والی ٹیمیں 29 جنوری کو شام 7 بجے بھونیشور میں فائنل کھیلیں گی۔

29 کو  تیسری پوزیشن کا میچ ہوگا۔ کوارٹر فائنل میچز کے دوران 5ویں سے 16ویں نمبر پر آنے والی ٹیموں کے میچز بھی کھیلے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 29 جنوری کو کھیلا جائے گا۔
ورلڈ کپ کے میچ بھونیشور کے کلنگا اسٹیڈیم اور راورکیلا کے برسا منڈا انٹرنیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ میچ دوپہر 1 بجے، دوپہر 3 بجے، شام 5 اور7 بجے شروع ہوں گے۔ فائنل تک تمام ٹیموں کے درمیان کل 44 میچز ہوں گے۔ ٹورنامنٹ کی 16 ٹیموں کو 4 گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں