کراچی کی سیاست میں نئی ہلچل: ایم کیوایم کے تمام دھڑے یکجا ہوگئے

Jan 11, 2023 | 11:23 AM

ایک نیوز: گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی ثالثی کام کرگئی۔ ایم کیو ایم کے تمام دھڑوں نے یکجا ہونے کا اعلان کردیا۔ 

تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان، پی ایس پی اور فاروق ستار گروپ کی گذشتہ شب گورنر ہاٶس میں چار گھنٹے سے زائد چلنے والی میٹنگ کا احوال سامنے آگیا۔

ذرائع کے مطابق گورنر ہاٶس کراچی میں رات گئے تک چلنے والی میٹنگ کا مثبت نتیجہ نکل آیا۔ ایم کیو ایم، پی ایس پی اور فاروق ستار گروپ آپس میں ایک چھتری تلے جمع ہونے کیلئے راضی ہوگئے۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور انداز میں شرکت کرنے، حلقہ بندیوں پر تحفظات کیخلاف مشترکہ جدوجہد کرنے اور شہر میں ایک بار پھر اپنے آپ کو منوانے کیلئے ملکر چلنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ 

بتایا گیا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان میں پی ایس پی اور فاروق ستار کو ضم کرنے کا حتمی فیصلہ کرلیا گیا ہے تاہم یہ واضح نہیں کہ یہ انضمام بلدیاتی الیکشن سے پہلے ہوگا یا بعد میں، مگر اس فیصلے پر حتمی اتفاق کرلیا گیا ہے۔ 

دوسری جانب اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ پی ایس پی اور فاروق ستار کے بلدیاتی امیدوار ایم کیو ایم کے حق میں دستبردار ہوجائینگے اور پوری طرح ایم کیو ایم کو سپورٹ کرینگے۔

مزیدخبریں