ایک نیوز: کپتان کے اہم کھلاڑی بڑا پیغام لیکر وزیراعلیٰ پنجاب کے پاس پہنچ گئے۔ ذرائع کے مطابق اہم پیغام پہنچا دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے ایم این اے فرخ حبیب کی ملاقات ہوئی ہے۔ جس میں پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی محمد خان بھٹی بھی موجود تھے۔ دوران ملاقات باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور فیصل آباد کے ڈویلپمنٹ پراجیکٹس پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا اس موقع پر کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے ساتھ اتحاد ہر آنے والے لمحے مضبوط تر ہو رہا ہے۔ بے پرکی اڑانے والے اپنے مذموم عزائم میں ہمیشہ کی طرح ناکام رہیں گے۔ سیاست عبادت ہے۔ بدقسمتی سے کچھ عناصر نے سیاست کو بیوپار بنا لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قوم دیکھ رہی ہے کہ کس طرح ضمیروں کے سودے کئے جا رہے ہیں۔ اپوزیشن کے ہر غیرآئینی اقدام کا مقابلہ کرنے کیلئے پہلے سے زیادہ پرعزم ہیں۔ ن لیگ انتشار کا ایجنڈا لے کر چل رہی ہے۔ ہم عوامی خدمت کے ایجنڈے کو آگے بڑھا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ترقی کے سفر میں بلاتخصیص ہر شہر کو شامل کیا ہے۔ کوئی علاقہ، قصبہ، شہر ترقی سے محروم نہیں رہے گا۔
اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی حکومت نے عوام سے دو وقت کی روٹی بھی چھین لی ہے۔ امپورٹڈ حکومت آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر اب سانس لینے پر بھی ٹیکس لگا رہی ہے۔ پنجاب حکومت کے عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات کو سراہتے ہیں۔