اے این ایف کارروائیاں: مدینہ، جدہ اور ترکیہ جانیوالے مسافروں سے منشیات برآمد

Jan 11, 2023 | 10:26 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: اے این ایف نے مدینہ، جدہ اور ترکیہ جانے والے مسافروں کے علاوہ دیگر کارروائیوں میں بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلی۔

ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ فلائٹ نمبر ER 1805  سے مدینہ جانے والے شخص کے ٹرالی بیگ سے 2 کلو 982 گرام آئس اور 8000 نشہ آور گولیاں برآمد کرلی گئیں۔ ملزم جہلم کا رہائشی ہے۔

دوسری جانب اے این ایف اور اے ایس ایف نے باچا خان انٹرنیشنل ائرپورٹ پشاور پر مشترکہ کارروائی میں فلائٹ نمبر SV 797 سے جدہ جانے والے شخص کے بیگ سے 1 کلو 624 گرام ہیروئین برآمد کرلی۔ ملزم بنوں کا رہائشی ہے۔

تیسری کارروائی لاہور انٹرنیشنل ائرپورٹ پر کی گئی، جہاں فلائٹ نمبر PK 707 سےترکیہ جانے والے شخص کے پیٹ سے 36 ہیروئن بھرے کیپسول برآمد کرلیے گئے۔ ملزم جہلم کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔

علاوہ ازیں کراچی میں کیماڑی کے قریب کارروائی کرتے ہوئے رکشہ سے  12 کلو چرس برآمد کرلی گئی جو مختلف علاقوں میں رکشہ ہی کے ذریعے پھیلائی جانی تھی۔

اُدھر چمن میں فرینڈشپ گیٹ پر 2 افغان باشندوں کو پاکستان منشیات لاتے ہوئے گرفتار کرلیاگیا۔ ملزمان سے 5 کلو 500 گرام آئس اور 490 گرام ہیروئین برآمد کرلی گئی ہے۔ گرفتار افراد نے منشیات ٹرنک (بکس) کے اندر بنائے گئے خفیہ خانے میں چھپائی ہوئی تھی۔

اینٹی نارکوٹکس فورس نے تمام گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔

مزیدخبریں