ایک نیوز : ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں انڈیا نے آسٹریلیا کو ایک اننگز اور 132 رنز سے شکست دے دی ۔
بھارت کے شہر ناگپور میں کھیل کے تیسرے دن آسٹریلین بیٹنگ لائن دوسری اننگز میں انڈین سپنرز کے آگے بالکل بے بس نظر آئی اور پوری ٹیم 91 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔سٹیون سمتھ 25 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ انڈیا کی جانب سے روی چندرن اشون نے پانچ اور محمد شامی اور رویندر جڈیجہ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا جو اس کے حق میں نہیں گیا اور صرف دو رنز پر دونوں اوپنرز پویلین لوٹ گئے۔ مارنس لبوشین اور سٹیو سمتھ نے کچھ مزاحمت کی لیکن دونوں بالترتیب 49 اور 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
لوئر آرڈر سے پیٹر ہینڈزکوب اور ایلکس کیری نے کچھ مزاحمت دکھائی لیکن اشون اور جڈیجہ کی گھومتی گیندوں نے آسٹریلین بیٹرز کو چکرا کر رکھ دیا اور پوری ٹیم 177 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔
رویندر جڈیجہ نے پانچ اور روی چندرن اشون نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
انڈین لوئر آرڈر بیٹرز نے بھی عمدہ کارکردگی دکھائی اور مشکل وکٹ پر بڑا سکور بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ جڈیجہ نے بولنگ کے ساتھ ساتھ بیٹنگ میں بھی جلوے دکھائے اور 70 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ ان کا اکشر پٹیل نے خوب ساتھ دیا، وہ 84 رنز بنا کر بولڈ ہوئے۔ انڈیا نے اپنی پہلی اننگز میں 400 رنز بنائے اور یوں اسے آسٹریلیا پر 223 رنز کی بڑی برتری حاصل ہوئی۔
آسٹریلیا کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے آف سپنر ٹوڈ مرفی نے اپنے پہلے ٹیسٹ میچ کو یادگار بنایا اور سات وکٹیں اپنے نام کیں۔